ممبئی: بیکری میں آتشزدگی، 2 بچوں سمیت 6 افراد زخمی، اسپتال میں داخل
ممبئی کے کھار علاقے میں گیس کے اخراج سے زبردست آگ لگ گئی۔
ممبئی، 15مئی :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) ممبئی کے کھار علاقے میں گیس کے اخراج سے زبردست آگ لگ گئی۔ یہ آگ ہریش چندر بیکری میں لگی تھی۔ آگ لگنے کا واقعہ صبح 9 بجے کے قریب پیش آیا جس میں 6 افراد جھلس گئے۔ ان زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ گیس کے لیک ہونے کے باعث لگی۔ اچانک گیس سلنڈر سے گیس لیک ہونے لگی۔ زخمیوں کو علاج کے لیے بھابھا اسپتال بھیجا گیا ہے۔ چھ زخمی آئی سی یو میں داخل ہیں۔معاملے کی جانکاری دیتے ہوئے بی ایم سی نے بتایا کہ ممبئی کے کھار ویسٹ علاقے میں ایک گھر میں آگ لگنے سے چھ افراد جھلس گئے۔
آگ گیس کے لیک کے باعث لگی۔ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور کولنگ کا عمل جاری ہے۔ چھ زخمیوں کی شناخت سخو بائی جیسوال (65) کے طور پر ہوئی ہے جو 45 فیصد جھلس گئی تھیں، پرینکا جیسوال (26) 51 فیصد جھلس گئی تھیں، نکیتا منڈلک (26) 45 فیصد جھلس گئی تھیں، سنیل جیسوال (29) 50 فیصد جھلس گئے۔ یشا طوہان (07) 40 فیصد اور پرتھم جیسوال (06) 45 فیصد جھلس گئے۔ ان سبھی کو آئی سی یو اور پی آئی سی یو میں داخل کرایا گیا ہے۔



