بین ریاستی خبریں

گجرات میں بارش سے 9 افراد ہلاک جوناگڑھ سمیت کئی شہروں میں سیلاب جیسی صورتحال

گجرات کے کئی علاقوں میں گذشتہ 24 گھنٹے میں موسلادھار بارش نے تباہی مچا دی ہے

احمد آباد،۲؍جولائی:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)گجرات کے کئی علاقوں میں گذشتہ 24 گھنٹے میں موسلادھار بارش نے تباہی مچا دی ہے۔ شدید بارش کے باعث شہروں اور دیہات کے نشیبی علاقے زیر آب ہوگئے ہیں اور سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (NDRF) اور اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (SDRF) کی ٹیمیں کچھ، جام نگر، جوناگڑھ اور نوساری میں تعینات کی گئی ہیں۔ ایس ای او سی کے مطابق گذشتہ دو دنوں میں بارش سے متعلقہ واقعات میں 9 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ایس ای او سی کے اشتراک کردہ اعداد و شمار کے مطابق، ریاست کے 37 تعلقہ جات میں جمعہ کی دوپہر 12 بجے تک 30 گھنٹے میں 100 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہوئی ہے۔ایس ای او سی کے مطابق جوناگڑھ ضلع کے ویساودر تعلقہ میں ہفتہ کی صبح 6 بجے تک 24 گھنٹے کے دوران 398 ملی میٹر بھاری بارش ہوئی۔ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا ہے۔ بارش سے اب تک 9 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ہنگامی میٹنگ طلب کی ہے۔

حکام کے مطابق، سوراشٹر، کچھ اور جنوبی گجرات کے علاقوں کے کئی اضلاع میں موسلادھار بارش ہوئی، جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ انہوں نے بتایا کہ احمد آباد شہر کے کئی علاقے بھی پانی میں ڈوب گئے، جس کی وجہ سے بھاری ٹریفک جام ہوگیا اور مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔حکام نے بتایا کہ کچھ کا گاندھی دھام ریلوے اسٹیشن شدید بارش کی وجہ سے ڈوب گیا، جبکہ جوناگڑھ، جام نگر، کچھ، ولساڈ، نوساری، مہسانہ اور سورت کے کئی گاؤں اور قصبے زیر آب آگئے۔ ایس ای او سی کے مطابق، جام نگر ضلع کے جام نگر تعلقہ میں 269 ملی میٹر بارش ہوئی، جب کہ ولساڈ کے کپراڈا میں 247 ملی میٹر، کچ کے انجر میں 239 ملی میٹر، نوساری کے کھیرگام میں 222 ملی میٹر بارش ہوئی اور یہ اضلاع سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔

گجرات کے وزیر اعلی بھوپیندر پٹیل نے جمعہ کی رات گاندھی نگر میں ایس ای او سی میں عہدیداروں کے ساتھ ایک ہنگامی میٹنگ کی اور انہیں نشیبی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو نکالنے سمیت بچاؤ اور راحتی کاموں پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت دی۔ ریاستی حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایک ریلیز کے مطابق، بھوپیندر پٹیل نے جوناگڑھ اور کچھ کے ضلع مجسٹریٹس سے بات کی، جنہوں نے انہیں بارش کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے پیش گوئی کی ہے کہ ہفتہ کو ریاست میں بارش کی شدت میں کمی آئے گی اور اتوار تک صورتحال معمول پر آجائے گی۔ تاہم محکمہ نے اتوار کی صبح تک شمالی اور جنوبی گجرات اور سوراشٹر کے اضلاع میں الگ تھلگ مقامات پر تیز بارش کی وارننگ دی ہے۔ آئی ایم ڈی نے یہ بھی کہا کہ بدھ کی صبح تک ریاست کے کئی حصوں میں ہلکی سے درمیانی بارش ہوگی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button