
کسان خون کے آنسو رو رہا ہے ، کوئی نہیں سن رہا ہے : پائلٹ

جئے پور: (اردودنیا.اِن)جئے پور ضلع کے کوٹ کھوڑا میں جمعہ کے روز کسان مہاپنچایت میں سچن پائلٹ نے ایک پتھر سے دو نشانے لگائے ۔ ایک طرف مرکز کو کسان تحریک کے متعلق پیغام دیا ،وہیں 15 حامی ارکان اسمبلی کو ایک ساتھ اسٹیج پر بٹھا کر یہ پیغام دیا کہ ابھی (گہلوت بنام پائلٹ جنگ کی)کہانی ختم نہیں ہوئی ہے۔
پائلٹ نے زرعی قانون کے بارے میں کہا کہ ملک کا کسان خون کے آنسو رو رہا ہے ، مرکز میں کوئی سننے والا نہیں ہے۔ کسانوںکو ہمدردی کی نہیں ، تعاون کی ضرورت ہے۔ مرکز ی سرکار کی آمریت کے خلاف بھر پور مقابلہ کریں گے۔کسان اور نوجوان ایک ساتھ کھڑے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کسانوں کی کوئی ذات نہیں ہے جو اناج پیدا کرتا ہے، سب کسان ہے ،
ہم ذات پات سے بالاتر ہوکر جدوجہد کریں گے۔ کسانوں کو ذات پات کے نام پر بانٹنے کی سازش کی جارہی ہے۔اسے ناکام بنائیں گے۔ مرکزی سرکار کو تینوں قوانین واپس لینے ہوں گے۔



