سرورققومی خبریں

شبنم پھانسی معاملہ: جیل سے سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ، بیٹے سے ملاقات

متھرا: (اردودنیا.اِن) امروہہ کے بہوچرخہ قتل عام کیس کی مجرم شبنم کو پھانسی دینے کی تیاریاں تیز کردی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق رام پور جیل انتظامیہ کے پاس امروہہ عدالت کی جانب سے جاری ڈیتھ وارنٹ موجود ہے، جبکہ متھرا ضلع جیل انتظامیہ نے پھانسی گھر کی مرمت کے لیے بجٹ بھی طلب کیا ہے۔ اگر شبنم کی سزا پر عمل درآمد ہوتا ہے تو امکان ہے کہ اسے متھرا جیل میں پھانسی دی جائے۔

شبنم کو سزا دیے جانے کی صورت میں وہ آزادی کے بعد بھارت میں پھانسی پانے والی پہلی خاتون قیدی بن سکتی ہے۔ تاہم حکام کی جانب سے ابھی اس بات کا حتمی اعلان نہیں کیا گیا کہ سزا رام پور جیل میں نافذ ہوگی یا متھرا جیل میں۔ اس دوران معاملے میں نیا موڑ اس وقت آیا جب شبنم نے جیل سے ہی کیس کی سی بی آئی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا۔

یہ انکشاف شبنم کے بیٹے تاج کے سرپرست عثمان نے رام پور جیل میں ملاقات کے بعد کیا۔ ان کے مطابق وہ تاج کے ہمراہ شبنم سے ملنے گئے تھے، جہاں شبنم نے اپنے کیس کی دوبارہ جانچ سی بی آئی سے کرانے کی خواہش ظاہر کی۔

واضح رہے کہ امروہہ ضلع کے بابن کھیڑی گاؤں میں 14 اور 15 اپریل 2008 کی درمیانی شب شبنم نے اپنے مبینہ عاشق سلیم کے ساتھ مل کر اپنے ہی خاندان کے سات افراد کو قتل کیا تھا۔ اس سنسنی خیز قتل عام کے مقدمے میں عدالت نے شبنم اور سلیم کو سزائے موت سنائی تھی، جسے بعد میں سپریم کورٹ نے بھی برقرار رکھا۔ بعد ازاں صدرِ جمہوریہ نے دونوں کی رحم کی درخواستیں بھی مسترد کر دی تھیں۔

شبنم جولائی 2019 سے رام پور جیل میں قید ہے۔ حال ہی میں اس کا بیٹا تاج جیل میں اس سے ملاقات کے لیے پہنچا۔ ملاقات کے بعد تاج نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ اس کی والدہ نے اسے دل لگا کر تعلیم حاصل کرنے کی نصیحت کی۔ اس نے کہا کہ وہ صدرِ جمہوریہ سے اپیل کر چکا ہے کہ اس کی والدہ کو معاف کر دیا جائے کیونکہ وہ نہیں چاہتا کہ انہیں پھانسی دی جائے۔

دوسری جانب عثمان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر شبنم واقعی اس جرم کی قصوروار ہے تو اسے قانون کے مطابق سزا ملنی چاہیے۔ تاہم انہوں نے مطالبہ کیا کہ شبنم کو میڈیا کے سامنے اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع دیا جائے۔ ان کے مطابق شبنم مسلسل اس کیس کی سی بی آئی سے دوبارہ تحقیقات کرانے کا مطالبہ کر رہی ہے۔

معاملہ کیا ہے جانئے کلک کرکے پوری داستاں

shabnam salim babankhedi seven family murder
شبنم اورسلیم کی محبت کی خونی داستاں

 

متعلقہ خبریں

Back to top button