ملکی سیاست میں’ مودی‘ نام کا آفتاب ہمیشہ کیلئے غروب ہو جائے گا: سنجے راؤت
شیو سینا یو بی ٹی کے لیڈر سنجے راؤت نے اس روڈ شو پر طنز کیا
ممبئی، 14مئی:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)شیوسینا لیڈر سنجے راؤت نے وارانسی پارلیمانی سیٹ سے وزیر اعظم نریندر مودی کی نامزدگی اور ان کی جانب سے کئے گئے روڈ شو پر طنز کیا۔ انہوں نے اسے وزیر اعظم کی ’آخری نامزدگی‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب بھی کسی بڑے لیڈر کی الوداع ہوتی ہے تو بڑی تعداد میں لوگ اس میں شریک ہوتے ہیں۔خیال رہے کہ وزیر اعظم مودی نے منگل کو پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ اس سے پہلے انہوں نے پیر کو بابا وشوناتھ دھام میں پوجا کرنے کے بعد ایک عظیم الشان روڈ شو کیا تھا۔ یوپی کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ اور بی جے پی کے ریاستی صدر بھوپیندر چودھری نے کاشی ہندو یونیورسٹی کے سنگھ دوار میں مہامانا مدن موہن مالویہ کے مجسمے پر پھول چڑھانے کے بعد نکالے گئے روڈ شو میں شرکت کی۔
شیو سینا یو بی ٹی کے لیڈر سنجے راؤت نے اس روڈ شو پر طنز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بار بار اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ یہ وزیر اعظم نریندر مودی کا آخری الیکشن ہے۔ یہ ان کی الوداعی یاترا تھی۔ اس بار انہیں وارانسی میں فتح کا جھنڈا لہرانے کے لیے جدوجہد کرنی ہوگی۔ اب ملک کی سیاست میں نریندر مودی کے نام کا باب ختم ہونے جا رہا ہے۔ بی جے پی اس الیکشن میں 200 کا ہندسہ بھی عبور نہیں کر پائے گی۔خیال رہے کہ پی ایم مودی نے وارانسی سے تیسری بار پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے۔
اس سے پہلے وہ 2014 اور 2019 میں بھی کاغذات نامزدگی داخل کر چکے ہیں۔ اس سے پہلے سی ایم کجریوال نے بھی کہا تھا کہ یہ پی ایم مودی کا آخری الیکشن ہوگا۔حال ہی میں، انہوں نے کہا تھاکہ اگر بی جے پی اس بار انتخابات جیت بھی جاتی ہے، تو نریندر مودی وزیر اعظم کی کرسی پر نہیں بیٹھیں گے۔ اس بار امت شاہ وزیر اعظم بننے جا رہے ہیں۔ پی ایم مودی امیت شاہ کے لیے ووٹ مانگ رہے ہیں۔اس کے جواب میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے حیدرآباد میں ایک پریس کانفرنس میں کہا تھاکہ وزیر اعظم کی کرسی پر صرف نریندر مودی ہی بیٹھیں گے۔ کیجریوال کو اس بارے میں فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔



