
علی گڑھ: 14 سالہ نابالغ لڑکی کا اغوا، نشہ آور مادہ پلا کر اجتماعی زیادتی، دو ملزمان گرفتار
متاثرہ اسپتال میں زیر علاج
علی گڑھ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) اتر پردیش کے ضلع علی گڑھ کے چھرا تھانہ علاقے میں 14 سالہ مسلم لڑکی کے ساتھ مبینہ اجتماعی زیادتی کا دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا۔ 14 سالہ مسلم لڑکی کو مبینہ طور پر اغوا کرنے، نشہ دے کر اس کے ساتھ اجتماعی زیادتی کرنے کے الزام میں پولیس نے کشن گوپال والمیکی اور سنجو والمیکی نامی دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق دونوں ملزمان وقوعہ کے قریب نشے کی حالت میں گھوم رہے تھے۔
یہ واقعہ 11 جولائی کو چھرا گاؤں میں پیش آیا۔ متاثرہ کی والدہ کے مطابق ان کی بیٹی سبزیاں خریدنے کے لیے گھر سے نکلی تھی، لیکن واپس نہ آنے پر اہل خانہ نے اس کی تلاش شروع کی۔ بعد ازاں لڑکی کے والد نے پولیس میں گمشدگی کی شکایت درج کرائی۔
بعد میں لڑکی گاؤں کے مضافات میں واقع ایک کھیت سے بے ہوشی کی حالت میں برآمد ہوئی۔ اس کے جسم پر چوٹوں کے نشانات تھے اور اس کے کپڑے پھٹے ہوئے تھے۔
متاثرہ کے والد کی شکایت کے مطابق ملزمان نے پہلے مبینہ طور پر لڑکی پر کسی کیمیائی مادے کا اسپرے کر کے اسے تقریباً بے ہوش کر دیا، پھر اسے زبردستی شراب پلائی اور بعد ازاں اس کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی۔
پولیس نے دونوں ملزمان کے خلاف پروٹیکشن آف چلڈرن فرام سیکسوئل آفینسز (POCSO) ایکٹ اور بھارتیہ نیائے سنہتا (BNS) کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
متاثرہ لڑکی کو پہلے مقامی کمیونٹی ہیلتھ سینٹر منتقل کیا گیا، جہاں سے تشویشناک حالت کے باعث جے این میڈیکل کالج، علی گڑھ ریفر کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان اور متاثرہ لڑکی ایک دوسرے کو نہیں جانتے تھے۔ الزام ہے کہ ملزمان نے لڑکی کو لالچ دے کر تقریباً چار کلومیٹر دور اپنے گاؤں لے گئے، جہاں مبینہ طور پر اسے نشہ آور مشروب پلایا اور زیادتی کی۔
پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے اور ان کے خلاف اجتماعی زیادتی، پوکسو ایکٹ اور دیگر متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی ہر پہلو سے تحقیقات جاری ہیں اور شواہد کی بنیاد پر کارروائی کی جائے گی۔



