بارہویں کامیاب طلبہ گریجویشن کے ساتھ چارٹرڈ اکائونٹینسی، کاسٹ اینڈ منیجمنٹ اکائونٹینسی اور کمپنی سیکریٹری کے کورسیس میں بھی داخلہ لیں!
موجودہ دور میں شعبہ کامرس کو سب سے زیادہ تیز رفتار سے ترقی کرنے والا شعبہ کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا۔ صنعتی ترقی ، کاروبار اور گلابلائزیشن کے بڑھتے اثرات نے اس شعبہ میں ترقی اور کرئیر سازی کے مواقع کو اور بڑھا دیا ہے۔ دسویں یا بارہویں کے بعد طلبہ کی ایک بڑی تعداد کامرس میں اپنا کرئیر بنانا چاہتی ہے ۔ طلبہ میں ایک عام رجحان یہ ہے کہ شعبہ کامرس ایک نسبتاً آسان اور جلدی روزگار فراہم کرنے والا شعبہ ہے جو ایک حد تک کے درست بھی ہے لیکن اگر گریجویشن کے ساتھ کچھ اضافی قابلیت اور پروفیشنل کورسیس بھی مکمل کرلیے جائیں جو گریجویشن کے ساتھ ساتھ کیے جاسکتے ہیں تو ایسی صورت میں ایک کامرس گریجویٹ کارپوریٹ میں ملازمت کرنے کے علاوہ خود روزگار (سیلف ایمپلائمنٹ) کے قابل ہوسکتا ہے مزید اگر گھر کا کاروبار ہوتو کاروباری امور کے لیے دوسروں پر انحصار کم اور کاروبار کو بہتر ترقی دینے کے اقدامات کرنے کے قابل ہوسکتا ہے۔
عموماً کامرس کے طلبہ چارٹرڈ اکائونٹینسی (سی اے) کورس کے بارے میں ہی زیادہ سنتے اور معلومات رکھتے ہیں لیکن سی اے کے علاوہ چند ایسے کورسیس بھی ہیں جو بارہویں کامیاب ہونے کے بعد یا دوران گریجویشن کیے جاسکتے ہیں۔ آئیے آج کمپنی سیکریٹری سے متعلق معلومات حاصل کریں۔
کمپنی سیکریٹری : بھارت میں کمپنی سیکریٹری کارپوریٹ سطح پر ایک باوقار اور با عزت پیشہ ہے۔ کمپنی قانون کے مطابق ہر رجسٹرڈ پرائیویٹ و پبلک کمپنی کو اپنے سرمائے کی بناء پر کمپنی سیکریٹری کا تقرر کرنا لازمی ہے۔ بھارت میں یہ کورس انسٹی ٹیوٹ آف کمپنی سیکریٹری آف انڈیا کے تحت جاری ہے ۔ یہ انسٹی ٹیوٹ ایک آزادانہ اور خود مختار ادارہ ہے جو اس کورس کی ترتیب و تزئیں کے لیے ذمہ دار ہے۔
کورس کے مرحلے : یہ کورس بارہویں کے بعد اور گریجویشن کے بعد کیا جاسکتا ہے۔ بارہویں کامیاب طلبہ تین مرحلوں میں جبکہ گریجویٹ طلبہ دو مرحلوں میں اس کورس کو مکمل کرسکتے ہیں۔ بارہویں کے بعد (الف) فائونڈیشن پروگرام (ب) ایکزیکیٹیو پروگرام (ج) پروفیشنل پروگرام ۔ ان تین مرحلوں میں کامیابی ضروری ہے جبکہ گریجویٹ طلبہ کے لیے فائونڈیشن پروگرام کرنا ضروری نہیں ہے وہ گریجویشن کے بعد براہ راست ایکزیکیٹیو پروگرام میں داخلے کے اہل ہوتے ہیں۔ طلبہ یہ بات یاد رکھیں کہ اس کورس کے لیے فیکلٹی کی کوئی قید نہیں ہے یعنی کامرس کے علاوہ دیگر فیکلٹی کے طلبہ بھی اس میں داخلہ لے سکتے ہیں ۔
داخلہ اور امتحانات : اس کورس میں داخلہ کا کوئی وقت مخصوص نہیں ہے بلکہ طلبہ سال بھر میں کبھی بھی اس میں داخلہ لے سکتے ہیں جبکہ امتحانات سال میں دو مرتبہ جون اور دسمبر کے مہینوں میں ہوتے ہیں۔
(الف) فائونڈیشن پروگرام : دسمبر کے مہینے میں فائونڈیشن پروگرام میں شریک ہونے کے لیے طلبہ کو اسی سال اکتیس مارچ سے قبل داخلہ لینا ضروری ہے جبکہ جون مہینے میں ہونے والے امتحان میں شرکت کرنے کے لیے تیس ستمبر سے قبل رجسٹریشن کرنا لازمی ہے۔
(ب) ایکزیکیٹیو پروگرام : دسمبر کے مہینے میں دونوں موڈیول میں شرکت کے لیے اٹھائیس فروری سے قبل جبکہ ایک ہی موڈیول میں شرکت کے لیے اکتیس مئی سے قبل رجسٹریشن کروانا لازمی ہے ۔ جون امتحان میں دونوں موڈیول میں شرکت کے لیے اکتیس اگست سے قبل جبکہ ایک موڈیول کے لیے تیس نومبر سے قبل رجسٹریشن کرنا لازمی ہے۔
مضامین اور امتحان میں کامیابی کی شرائط : فائونڈیشن پروگرام چار مضامین پر مشتمل ہوتا ہے۔ ایکزیکیٹیو پروگرام میں دو موڈیول میں چار چار مضامین پر مشتمل آٹھ پرچے ہوتے ہیں جبکہ پروفیشنل پروگرام میں نو پرچے تین موڈیول پر مشتمل ہوتے ہیں۔ تینوں پروگرامس میں کامیابی کے لیے ہر پرچے میں چالیس فیصد جبکہ اجتماعی طور پر پچاس فیصد مارکس حاصل کرنا لازمی ہے۔ امتحان انگریزی کے ساتھ ہندی میڈیم میں بھی دیا جاسکتا ہے لیکن فائونڈیشن پروگرام میں بزنس کمیونکیشن کا پرچہ انگریزی میں دینا لازمی ہے۔ فائونڈیشن پروگرام میں بزنس انوارنمنٹ اینڈ لاء، منیجمنٹ ، اکنومکس، اکائونٹنگ و آڈیٹنگ مضامین ہوتے ہیں۔ جبکہ ایکزیکیٹیو و پروفیشنل پروگرام میں زیادہ تر مضامین کمپنی لاء ، ٹیکس لاء، کارپوریٹ و منجمنٹ اکائونٹنگ و آڈیٹنگ، کیپیٹل مارکیٹ، انشورنس و بینکنگ قوانین اور مختلف تجارتی امور پر مشتمل ہوتے ہیں۔
رجسٹریشن و امتحانی فیس : سی ایس فائونڈیشن پروگرام کی رجسٹریشن فیس چار ہزار پانچ سو روپئے، جبکہ امتحان کی فیس بارہ سو روپئے ہے۔ ایکزیکیٹیو پروگرام رجسٹریشن فیس کامرس گریجویٹس کے لیے نو ہزار روپئے، سی اے -سی پی ٹی اور سی ایم اے فائونڈیشن کامیاب امیدواروںکے لیے بارہ ہزار پانچ سو روپئے، کامرس کے علاوہ دیگر گریجویٹس کے لیے دس ہزار روپئے اور سی ایس فائونڈیشن کامیاب امیدواروں کے لیے آٹھ ہزار پانچ سو روپئے ہے۔ پروفیشنل پروگرام کی رجسٹریشن فیس بارہ ہزار روپئے ہے جبکہ اکزیکیٹیو اور پروفیشنل امتحان میں شرکت کرنے کے لیے ہر موڈیول کی فیس بارہ سو روپئے فی موڈیول ہے۔ کورس کی مزید معلومات اور آن لائن رجسٹریشن کے لیے انسٹیٹیوٹ کی ویب سائٹ www.icsi.in سے استفادہ کیا جاسکتاہے۔ کورس کی تیاری کے لیے سیلف اسٹڈی یا پھر پرائیویٹ کوچنگ کی جاسکتی ہے۔
٭٭٭٭



