بریلی ، ۴؍ستمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)جنسی زیادتی کی سازش رچنے والی دو خواتین کو 10 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ سزا کا حکم خصوصی جج پوکسو ایکٹ انیل کمار سیٹھ نے دیا ہے، چونکہ اس کیس کا مرکزی ملزم نابالغ ہے اس لئے اس کا کیس جووینائل کورٹ کو بھیج دیا گیا ہے۔واقعہ تھانہ کینٹ کا ہے۔ اس کی رپورٹ متأثرہ لڑکی کے والد نے لکھوائی تھی۔ رپورٹ میں کہا گیا تھاہے کہ یکم مئی 2016 کو نابالغہ گاؤں کی دکان پر نمکین لینے گئی تھی ،نمکین لے کر واپس آتے ہوئے ملزم سوموتی اور شیش کماری نے لڑکی کو اپنے گھر بلاکر کہا کہ اندرآؤ اور یہاں بیٹھ کر نمکین کھاؤ۔
جیسے ہی متأثرہ لڑکی کے گھر میں داخل ہوئی ، سوموتی نے باہر سے کنڈی لگادی ۔ گھر میں ایک نو عمر لڑکا پہلے سے موجود تھا، اس نے لڑکی سے زیادتی کی۔ جب لڑکی کافی دیر تک گھر نہ پہنچی، تو اس کے گھر والوں نے اس کی تلاش شروع کی،جب لڑکی کی بھابھی اسے تلاش کرتے ہوئے سوموتی کے گھر کے قریب پہنچی تو اس نے لڑکی کی چیخیں سنی۔جب اس نے کنڈی کھولی ،تو ملزم کمسن بھاگ گیا، خیال رہے کہ ملزم بدایوں کا رہائشی ہے، اس کی عمر محض16 سال ہے۔
میڈیکل کے بعد لڑکی کی عمر 17 سال ثابت ہوئی ہے ۔سرکاری وکیل ہریندر پال سنگھ راٹھور استغاثہ کی طرف سے پیش ہوئے۔ عدالت نے ملزم سوموتی اور شیش کماری کو عصمت دری کی سازش کا مجرم قرار دیا ،اور انہیں 10 سال قید کی سزا سنائی۔اس کے علاوہ دونوں پر 10- 10ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔



