بین ریاستی خبریں

بنگلورو پتھر کان حادثہ: چٹان گرنے سے 7 مزدور ہلاک، کئی زخمی، ریسکیو آپریشن جاری

40 فٹ گہرائی میں کام کرنے والے مزدور اچانک چٹان تلے دب گئے، عینی شاہدین کی دردناک روداد

بنگلورو:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) کرناٹک کے دارالحکومت بنگلورو کے جنوبی تعلقہ مڈاپٹنا میں جمعرات کی صبح ایک پتھر کی کان میں خوفناک حادثہ پیش آیا، جہاں ایک بڑی چٹان گرنے سے کم از کم سات مزدور ہلاک اور کئی دیگر زخمی ہوگئے۔ حکام کے مطابق مزید مزدوروں کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ابتدائی معلومات کے مطابق حادثے کے وقت کان میں تقریباً 20 مزدور کام کر رہے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ روز ہونے والی بلاسٹنگ کے بعد مزدور تقریباً 40 فٹ نیچے کھدائی میں مصروف تھے کہ اچانک ایک بڑی چٹان ان پر آگری۔

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی شناخت ابھی تک نہیں ہو سکی، تاہم متاثرین میں زیادہ تر بہار کے مہاجر مزدور شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں کچھ مقامی مزدور بھی شامل ہیں۔ پانچ شدید زخمیوں کو علاج کے لیے آر آر اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ چٹان گرنے سے پہلے کوئی وارننگ نہیں ملی۔ ایک کارکن کے مطابق کئی مزدور چٹان کے نیچے دب گئے جبکہ کچھ مزدوروں کے ہاتھ اور ٹانگیں شدید متاثر ہوئیں۔

حادثے کے بعد پولیس، فائر بریگیڈ اور امدادی ٹیموں نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔ بھاری مشینری کی مدد سے ملبہ ہٹایا جا رہا ہے اور پھنسے ہوئے مزدوروں کی تلاش جاری ہے۔

کرناٹک کے نائب وزیراعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کان مالکان کی ذمہ داری ہے کہ وہ مزدوروں کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والی کانوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button