جھینگا بریانی
اشیاء: جھینگا مچھلی ایک کلو، گھی دوسو پچاس گرام، پیاز آدھ کلو، گرم مصالحہ حسب ضرورت، دہی دوسو پچاس گرام، لیموں دو عدد، نمک سرخ مرچ حسب ذائقہ۔ ترکیب: جھینگا صاف کرلیں پیاز کاٹ لیں گھی میں پیاز بھون کر بادامی رنگ کا کرکے نکال لیں اسی گھی میں جھینگے ڈال دیں اور آہستہ آہستہ ہلکی آنچ پربھونتے جائیں ذرا اس کا پانی خشک ہونے پر لیموں کا رس، نمک، سرکہ، مرچ ،گرم مصالحہ ثابت ڈال دیں۔
پھر بھونیں اب اس پر دہی ڈال دیں۔ دہی کا پانی خشک ہونے پر تلی ہوئی پیاز پیس کر ڈالیں اور چمچہ چلاتے ہوئے جب اچھی طرح بھن جائے تو اس پر پانی ڈال دیں اتنا کہ جس میں جھینگا گل جائے اور خشک ہو جائے۔ اب چاول میں نمک اور دار چینی دو ٹکڑے ڈال کر ابلنے کے لئے رکھ دیں دوگنی رہنے پر چاول باریک کپڑے میں چھان لیں۔ اب چاول ایک تہہ اور اس پر جھینگا ،مصالحہ دوسرے تہہ پھر چاول اور پھر جھینگا بریانی تیا رہے۔
مچھلی بریانی
مچھلی سردیوں کے موسم کی خاص سوغات ہے جو مختلف طریقوں سے کھائی جاتی ہے، آج ہم آپ کو مچھلی کی بریانی بنانے کی ترکیب بتا رہے ہیں۔اجزا: چاول آدھا کلو، رہو مچھلی کے ٹکڑے: آدھا کلو، ادرک لہسن کا پیسٹ دو کھانے کے چمچ، سرخ پسی ہوئی مرچ دو چائے کے چمچ، زیرہ دو چائے کے چمچ، ہلدی ایک چائے کا چمچ، نمک حسب ذائقہ، گرم مصالحہ ایک چائے کا چمچ، دہی ایک کپ، پیاز باریک کاٹ لیں دو عدد، اجوائن آدھا چمچ، لیموں تین عدد، ہری مرچ دو عدد، سبز دھنیہ آدھی گڈی۔
ترکیب: تمام چیزوں کو اچھی طرح ملا کر ان کا پیسٹ بنالیں، پھر اس میں لیموں شامل کر کے خوب اچھی طرح مچھلی کے ٹکڑوں پر لگا کر رکھ دیں۔اب ان ٹکڑوں کو مصالحے کے باقی پیسٹ کے ساتھ تیل میں ڈال کر تل لیں۔باسمتی چاول کو کچھ دیر تک پانی میں بھگو کر رکھیں اور پھر ابال لیں۔ایک دیگچی میں چاول اور مچھلی کو تہ در تہ لگائیں اور پندرہ منٹ کے لئے دم پر رکھ دیں۔مزیدار مچھلی بریانی تیار ہے، ہری مرچ اور دھنیہ ڈال لیں اور پودینے کی چٹنی اور سلاد کے ساتھ پیش کریں۔
مزیدار بیف قیمہ بریانی
اجزاء: بیف قیمہ 500 گرام، باسمتی چاول 500 گرام، پیاز 2 عدد، ٹماٹر 2 عدد، دہی 200 گرام، سبز مرچ 3 عدد، کھانے کا تیل کھانے کے چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، لال مرچ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، لال مرچ کٹی ہوئی ایک چائے کا چمچ، کالی مرچ پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، دھنیا پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، زیرہ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، گرم مصالحہ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، ثابت گرم مصالحہ پانچ گرام، ہلدی ایک چائے کا چمچ، سبز دھنیا پانچ گرام، پودینہ پانچ گرام لیموں دو عدد، ادرک پسا ہوا ایک چائے کا چمچ، لہسن پسا ہوا ایک چائے کا چمچ، سرکہ ایک کھانے کا چمچ۔
ترکیب: ایک باؤل میں پانی لیں، اس میں چاول ڈال کر پندرہ منٹ تک بھگولیں، ایک پین میں پانی لیں، اس میں ثابت گرم مصالحہ، کھانے کا تیل ایک کھانے کا چمچ، سرکہ، نمک ڈال کر ایک کنی چھوڑ کر ابال لیں۔ پھر ایک الگ پین میں کھانے کا تیل ایک چمچ (کھانے والا) ڈالیں اور اس میں پیاز، لہسن اور ادرک ڈال کر براؤن کرلیں اور اس میں ٹماٹر ڈال کر پانچ منٹ تک پکالیں۔ اب اس میں نمک، لال مرچ پاؤڈر، لال مرچ کٹی ہوئی، دھنیا پاؤڈر، زیرہ پاؤڈر، ہلدی پاؤڈر وثابت گرم مصالحہ ڈال کر دو منٹ تک مزید پکالیں۔
اب اس میں بیف قیمہ ڈال کر تین منٹ تک بھون لیں پھر اس میں دہی اور تھوڑا سا پانی ڈال کر دس منٹ ڈھکن ڈھک کر پکائیں، اب ایک پین میں تیار کیاہوا بیف قیمہ لیں، اس میں ابلے ہوئے چاول ڈال دیں، یہ عمل دہرا کر دو تہہ بنالیں۔ پھر اس پر سبز دھنیا، پودینہ، لیموں، سبز مرچ اور ٹماٹر کی گارنش کرلیں، اور اس میں پیلا رنگ ڈال کر دس منٹ تک دم دیں۔ آپ کی مزیدار بیف قیمہ بریانی تیار ہے۔



