دسترخوانسرورق

ڈبل روٹی اور آپ کا دستر خوان

ڈبل روٹی سے تیار مزیدار اور آسان گھریلو ڈشز، ناشتے کو بنائیں مزید خاص

دنیا بھر میں خصوصاً ناشتہ کے وقت ڈبل روٹی (Bread) کا استعمال عام ہے۔ ہمارے ملک کے شہروں علاقوں میں بریڈ یا ڈبل روٹی ایک مقبول غذا ہے۔ گوندھے ہوئے آٹے میں خمیری اجزاء ملا کر سانچے میں پکائی ہوئی روٹی کو ڈبل روٹی کہا جاتا ہے۔ اسے سلائسز کی صورت میں کاٹا جاتا ہے۔ مختلف ممالک میں ڈبل روٹی تیار کرنے کا طریقہ الگ ہے، کہا جاتا ہے کہ 3ہزار سال پہلے مصر میں ڈبل روٹی بنانے کا آغاز ہوا تھا۔

وہاں کے لوگ گوندھے ہوئے آٹے میں گھی اور کھانے کا سوڈا شامل کرکے اسے بھٹی میں پکاتے تھے۔ ڈبل روٹی بنانے کے اسی طرح کے نمونے مصر کے مقبروں میں بھی ملتے ہیں۔ ڈبل روٹی کی پسندیدگی اور اس کے استعمال کو مدنظر رکھتے ہوئے آج اس سے بنی چند مزیدار ڈشز قارئین کی نذر ہے۔

شاہی ٹکڑے

اجزاء: ڈبل روٹی۔ 8سلائسز، ملک 397گرام، کارن فلور ایک کھانے کا چمچ، چینی آدھا کھانے کاچمچ، بادام 15 عدد باریک کٹے ہوئے، چھوٹی الائچی 4عدد باریک کچلی ہوئی، گھی حسبِ ضرورت، چاندی کے ورق حسبِ ضرورت۔

ترکیب: ڈبل روٹی کے سات سلائسز لیں اور ان کے کنارے کاٹ کر ہر ٹوسٹ کے دو برابر ٹکڑے کاٹ لیں۔ پھر فرائنگ پین میں گھی گرم کر کے ان سلائسز کو ڈیپ فرائی کر لیں، جب دونوں طرف سے بادامی رنگ کے ہوجائیں تو نکال کر ٹشو پیپر پر پھیلا دیں تاکہ چکنائی جذب ہوجائے۔اب دودھ، کارن فلور، الائچی اور چینی کو فرائنگ پین میں ڈال کر ہلکا سا پکالیں۔ جب دودھ گاڑھا ہو جائے تو اتار لیں اور اسے فرائی کیے ہوئے سلائسز کے اوپر ڈال دیں۔ اوپر سے بادام چھڑک دیں اور خوبصورت ڈش میں چاندی کے ورق لگاکر مزیدار خستہ شاہی ٹکڑے پیش کریں۔

چیزی بریڈ فنگرز

اجزاء: بریڈ سلائس آٹھ عدد، چیڈر چیز(کدوکش کی ہوئی) آدھا کپ، ہری پیاز دو عدد کٹی ہوئی کالی مرچ آدھا چائے کا چمچ، چکن پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، نمک حسب ِذائقہ، انڈہ ایک عدد، تیل تلنے کیلئے۔

ترکیب: پہلے بریڈ سلائس کے کنارے کاٹ کر ان کے بریڈ کرمبز بنالیں۔ اب ایک پیالے میں چیڈر چیز، ہری پیاز، کالی مرچ، چکن پاؤڈر اور نمک ڈال کر مکس کریں۔ پھر بریڈ سلائس کو دبا کر اس میں تیار کی گئی فلنگ ڈالیں اور رول کرلیں۔ اب ان بریڈ رولز کو انڈے میں ڈپ کرکے کرمبز میں فولڈ کریں اور گرم تیل میں ڈیپ فرائی کر لیں۔ چیزی بریڈ فنگرز پیش کرنے کے لئے تیار ہیں۔

بریڈ پیزا درکار اجزاء: بریڈ سلائس دو عدد، ٹماٹر دو عدد، پیاز آدھی، لال شملہ مرچ آدھی، ہری شملہ مرچ آدھی، ہری پیاز دو کھا نے کے چمچ، کالا زیتون چھ عدد، ہرا دھنیا دو کھانے کے چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، کالی مرچ (پسی ہوئی) ایک چائے کا چمچ، چیڈر چیز دو کھانے کے چمچ، موزریلا چیز دو کھانے کے چمچ، چلی گارلک سوس دو کھانے کے چمچ، پیزا سوس تین کھانے کے چمچ، چیز سلائس دو عدد۔

ترکیب: ایک برتن میں پیاز، لال شملہ مرچ، ہری شملہ مرچ، ہری پیاز، کالا زیتون، ہرا دھنیا، نمک، پسی ہوئی کالی مرچ، چیڈر چیز، موزریلا چیز اور چلی گارلک سوس ڈال کر ملالیں۔ پھر بریڈ سلا ئس پر پیزا سوس لگائیں۔ اب تیار شدہ مکسچر کی ایک پَرت بریڈ پر لگا لیں اور اس پر چیز سلائس رکھ دیں۔ تیار شدہ بریڈ کو پین میں ڈھک کر تین سے چار منٹ تک ہلکی آنچ پر پکا ئیں۔ لیجئے مزیدار بریڈ پیزا تیار ہے۔

گھریلو خواتین کیلئے ڈبل روٹی سے تیار یہ تراکیب نہ صرف آسان ہیں بلکہ کم وقت میں ذائقہ دار پکوان تیار کرنے میں بھی مدد دیتی ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button