سرورقکیریئر اور رہنمائی

دہلی ہائر جوڈیشل سروس 2026: ججوں کی 27 آسامیوں کے لیے درخواستیں شروع، 15 جولائی آخری تاریخ

1.44 لاکھ سے 1.94 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ ۔

دہلی ہائی کورٹ نے دہلی ہائر جوڈیشل سروس (Delhi Higher Judicial Service) میں براہ راست بھرتی کے ذریعے 27 خالی آسامیوں (24 موجودہ اور 3 ممکنہ) کو پُر کرنے کے لیے اہل امیدواروں سے درخواستیں طلب کی ہیں۔ اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

آن لائن درخواست کا عمل یکم جولائی 2026 کی صبح 10 بجے سے شروع ہو چکا ہے، جبکہ درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 جولائی 2026 شام 5:30 بجے مقرر کی گئی ہے۔ امیدوار دہلی ہائی کورٹ کی سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے مقررہ تاریخ تک اپنا رجسٹریشن مکمل کر سکتے ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق درخواست دہندگان کے لیے ضروری ہے کہ اگر وہ وکیل ہیں تو آخری تاریخ تک کم از کم سات سال مسلسل وکالت کا تجربہ رکھتے ہوں۔ عدالتی افسران کے لیے بھی مجموعی طور پر کم از کم سات سال کا عدالتی اور وکالت کا تجربہ لازمی قرار دیا گیا ہے۔

امیدواروں کی کم از کم عمر 35 سال اور زیادہ سے زیادہ عمر 45 سال مقرر کی گئی ہے۔ تاہم، درج فہرست ذات (SC)، درج فہرست قبائل (ST) اور دیگر مخصوص زمرے کے امیدواروں کو حکومتی قواعد کے مطابق عمر میں رعایت دی جائے گی۔

بھرتی کا عمل تین مراحل پر مشتمل ہوگا، جن میں ابتدائی امتحان، تحریری مرکزی امتحان اور وائیوا ووچے (انٹرویو) شامل ہیں۔ ابتدائی امتحان میں 25 فیصد منفی مارکنگ بھی ہوگی۔

منتخب امیدواروں کو ماہانہ 1,44,840 روپے سے 1,94,660 روپے تک تنخواہ دی جائے گی۔

درخواست فیس جنرل زمرے کے امیدواروں کے لیے 2,000 روپے جبکہ ایس سی، ایس ٹی اور 40 فیصد یا اس سے زیادہ معذوری رکھنے والے امیدواروں کے لیے 500 روپے مقرر کی گئی ہے۔

دہلی ہائر جوڈیشل سروس کا ابتدائی امتحان 26 جولائی 2026 (اتوار) کو صبح 11 بجے سے دوپہر 1 بجے تک منعقد ہوگا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button