دہلی فساد : عدالت کالاپرواہ رویے کے مجرم پولیس اہلکار کی تنخواہ سے 5 ہزار روپے کاٹنے کا حکم
نئی دہلی، 28 ستمبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)فسادات کے ایک معاملے میں دہلی پولیس کے انتہائی لاپرواہ طریقے سے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست سے ناراض ایک مقامی عدالت نے پولیس کمشنر کو اس کی تحقیقات کرنے اور تنخواہ سے 5 ہزار روپے کاٹنے کا حکم دیا ہے۔چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ ارون کمار گرگ نے پولیس کو اپنے سابقہ حکم کی تعمیل میں ناکامی پر جرمانہ لگایا۔ عدالت نے ایک سابقہ حکم میں تفتیشی افسر (آئی او) کو ملزم کو ای چالان کی ایک کاپی فراہم کرنے کی ہدایت دی تھی اور پولیس سے اس کاپی کو فراہم کرنے کیلئے معاملہ کو ملتوی کرنے کی اپیل کی تھی۔
جج نے کہاکہ ان حالات میں 12 اپریل، 2021 کے حکم کی تعمیل کیلئے ملتوی کرنے کی درخواست کی اجازت ہے بشرطیکہ دہلی پولیس کی جانب سے 5 ہزار روپے جرمانہ وزیر اعظم نیشنل ریلیف فنڈ میں جمع کیا جائے۔جج نے کہا کہ اسپیشل پبلک پراسیکیوٹرز (ایس پی پی) اور آئی او مقررہ تاریخوں پر مقدمات میں پیش نہیں ہوتے ہیں اور جب وہ پیش ہوتے ہیں تو وہ فائل کا معائنہ کئے بغیر پیش ہوتے ہیں اور پھرانتہائی لاپرواہ انداز میں سماعت ملتوی کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔



