بین ریاستی خبریں

 دہلی اختتام ِ ہفتہ کرفیو :  دہلی میں رات 10 بجے سے ویک اینڈ کرفیو کانفاذ ،جانیں کیا ہیں کرفیو ضوابط 

نئی دہلی، 7جنوری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)دہلی میں کرونا کی مبینہ برق رفتاری اور نئی قسم اومیکرون سے خوف و ہراس کا ماحول ہے۔ وہیں منگل کو ایک بڑا فیصلہ لیتے ہوئے کجریوال حکومت نے دارالحکومت میں ویک اینڈ کرفیو لگانے کا اعلان کیا تھا۔ جس کی وجہ سے ویک اینڈ کرفیو جمعہ کی رات 10 بجے سے نافذ ہوگا، جو پیر کی صبح 5 بجے تک جاری رہے گا۔
اس دوران ضروری خدمات کے علاوہ تمام سرکاری اہلکار گھر سے کام کریں گے۔ جبکہ پرائیویٹ اداروں میں 50 فیصد گھر سے کام کرنے کا اصول نافذ ہوگا۔ خیال رہے کہ اس وقت دہلی میں نائٹ کرفیو نافذ ہے اور اس دوران کرونا ضابطہ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں۔
تاہم ملک کے دارالحکومت میں ویک اینڈ کرفیو کے دوران بس اور میٹرو پوری گنجائش کے ساتھ چلیں گی، تاہم اس دوران لوگوں کو بلا ضرورت گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ وہیں کئی پابندیاں بھی نافذ رہیں گی۔خیال رہے کہ جمعرات کو دارالحکومت میں کورونا وائرس کے انفیکشن کے 15,097 نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔
وہیں دہلی کے وزیر صحت ستندر جین نے جمعہ کو 17,000 نئے کیس آنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ویک اینڈ کرفیو کے دوران لوگوں کو بلا ضرورت گھروں سے نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس دوران صرف ضروری خدمات سے وابستہ لوگوں کو آنے اور جانے کی اجازت ہوگی۔ جبکہ میڈیکل ایمرجنسی میں شناختی کارڈ کے ساتھ باہر جا سکتا ہے۔
اگر آپ کے پاس ویک اینڈ کرفیو کے دوران ٹرین، بس یا فلائٹ ٹکٹ ہے تو آپ ریلو ے ا سٹیشن، بس اسٹینڈ یا ہوائی اڈہ جا سکتے ہیں۔ اس کے لیے آپ کو صرف ایک ٹکٹ کی ضرورت ہے۔
اس دوران حکومت ہند سے منسلک دفاتر کے افسران اور ملازمین کو شناختی کارڈ دکھا کر  آمد ورفت کی اجازت ہوگی۔ وہیں دہلی کی تمام عدالتوں کے ججز اور عملہ، وکلاء، قانونی مشیر، جو کیس کی سماعت میں شامل ہیں، کو شناختی کارڈ، سروس شناختی کارڈ اور عدالت کی طرف سے جاری اجازت نامہ کے ساتھ رعایت ملے گی۔
دہلی میں موجود دنیا بھر کے سفارتکاروں کے دفاتر میں تعینات افسران اور ملازمین کو شناختی کارڈ کے ساتھ چھوٹ ملے گی۔ تمام ڈاکٹروں، نرسنگ اسٹاف اور پیرامیڈیکس اسٹاف کو آمد و رفت کی اجازت ہو گی۔ وہیں طبی خدمات سے وابستہ عملہ، جیسے کہ ٹیسٹنگ مراکز، کلینک، فارمیسی، دوا ساز کمپنیاں، طبی آکسیجن فراہم کنند ہ اورطبی خدمات سے وابستہ افراد کو شناختی کارڈ کے ساتھ رعایت ملے گی۔
میڈیا اہلکار کو درست پریس شناختی کارڈ کے ساتھ نقل و حرکت کی اجازت ہوگی۔ دہلی میں ویک اینڈ کرفیو کے دوران حاملہ خواتین اور مریضوں کو ڈاکٹر کی پرچی دکھا کر سفر کی اجازت ہوگی۔ ویک اینڈ کرفیو کے دوران لوگوں کو کورونا ٹیسٹ یا ویکسی نیشن کے لیے سفر کرنے کی اجازت ہوگی۔
اس کے ساتھ امتحان دینے والے طلباء اور عملہ کو بھی چھوٹ ملے گی۔ حتیٰ شادی کارڈ کی سافٹ یا ہارڈ کاپی دکھانے پر 20 افراد کو شادی کی تقریب میں جانے کی اجازت ہوگی۔ ویک اینڈ کرفیو کے دوران ضروری سامان فروخت کرنے والی دکانوں کے علاوہ باقی تمام دکانیں بند رہیں گی، تاہم پیر سے جمعہ تک تمام ضروری سامان کی دکانیں باقی دکانوں کے ساتھ صبح 10 بجے سے رات 8 بجے تک حسب معمول کھلیں گی۔ 

متعلقہ خبریں

Back to top button