دسترخوان

رسوئی, آپ کا دستر خوان,برسات میں بنائے جانے والے من پسند پکوان✍️عرشی دلدار بنگلور

پالک کے پکوڑے,فرنچ فرائز,بیسن کی روٹی,سرسوں کا ساگ,پالک اور پیاز کے پکوڑے

برسات میں بنائے جانے والے من پسند پکوان

ہندوستان میں مون سون بارشوں کا آغاز ہوچکا ہے اور بارشوں میں کھانے پینے کا بھی الگ ہی مزہ ہے اور لوگ طرح طرح کے اہتمام کرتے ہیں، جب مٹی کی سوندھی مہک اٹھتی ہے تو اس زمین سے اپنائیت کا احساس اور بڑھ جاتا ہے۔ برسات کے موسم کے اپنے رسم ورواج اور اپنے روایتی اور لذیذ پکوان ہوتے ہیں، ان میں بیسن کی روٹی اور سرسوں کا ساگ، انکی تراکیب ہم آپ کے ساتھ شیئر کررہے ہیں۔کھانا پینا کس کو پسند نہیں ہوتا۔

ہمارے ملک ہندوستان کی خواتین کھانے پکانے میں ماہرتصور کی جاتی ہیں۔ وہ ہراچھے سے اچھا کھانا گھر پر تیار کرتی ہیں اور اپنے گھر والوں کے آگے دستر خوان سجاتی ہیں۔ آج کل جیسا کہ ہم جانتے ہیں کہ برسات کا موسم شروع ہو چکا ہے۔ ہمارے ہاں برسات کے موسم میں بہت سے مزے مزے کے پکوان سے لطف اندوز ہوا جاتا ہے۔ برسات کے موسم میں بہت سی بیماریاں اور انفیکشنز لاحق ہوسکتے ہیں اس لئے ضروری ہے کہ صرف گھر کا کھانا کھایا جائے اور باہر کے کھانے سے مکمل گریز کیا جائے۔کیو نکہ خاص طور پر برسات کے موسم میں باہرکا کھانے سے پیٹ کا انفیکشن،ٹائیفائیڈ،الٹیاں اور ڈائریا وغیرہ ہو سکتا ہے۔

اس لئے خواتین کو چاہئے کہ گھر والوں کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام مزیدار پکوان خود اپنے ہاتھوں سے صفائی ستھرائی کا خیال رکھتے ہوئے گھر پر ہی بنائیںتاکہ مختلف انفیکشنز اوربیماریوں سے بچا جاسکے۔اب بات برسات کے موسم میں سب سے زیادہ بنائے جانے والے پکوانوں کے بجائے تو ان میں سب سے زیادہ، پکوڑے، میٹھے پکوڑے، سموسے، کچوری، کڑی چاول، بیسن کی روٹی اور فرنچ فرائز خاص بنائے جاتے ہیں۔ یہ وہ پکوان ہیں جن کو عام طور پر بھی کھانا بہت پسند کیا جاتا ہے جبکہ برسات میں تویہ ہر دلعزیز پکوان خیال کئے جاتے ہیں۔ تمام گھرانے کے لوگ شام کی چائے کے ساتھ ایک ساتھ بیٹھ کر ان پکوانوں کا مزہ لیتے ہیں۔ ان پکوانوں کی ریسیپیز توجہ فرمائیں۔

پالک کے پکوڑے

اجزاء: پالک آدھی گٹھی، بیسن ایک کپ، پیاز دو عدد، ہری مرچ دو عدد، ہرا دھنیا آدھا کپ، سفید زیرہ آدھا چائے کا چمچ، ہلدی ایک چوتھائی چائے کا چمچ، لال مرچ کٹی ہوئی آدھا چائے کا چمچ، بیکنگ پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، تیل حسب ضرورت، نمک حسب ذائقہ۔

ترکیب: پالک باریک کاٹ لیںاور بیسن میں شامل کریں۔بیسن میںباقی تمام اجزاء ڈال دیں اور مکس کرکے 15 منٹ کیلئے رکھ دیں۔پھر تیل گرم کریں اور ڈیپ فرائی کرلیں۔
کڑی چاول

اجزاء: چاول آدھا کلو، زیرہ دو کھانے کے چمچ، گھی آدھی پیالی، نمک حسب ذائقہ، پانی حسب ضرورت۔

کڑی کیلئے: بیس آدھا پاؤ، دہی ایک پاؤ، ہلدی پاؤڈر ایک کھانے کا چمچ، لال مرچ ایک کھانے کا چمچ (پسی ہوئی)، نمک حسب ذائقہ، پانی حسب ضرورت، پیاز دو عدد، زیرہ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، کڑی پتے دو سے تین عدد، تیل حسبِ ضرورت۔

پکوڑے کیلئے: بیسن ایک پاؤ، پیاز دو عدد، ہرا دھنیا ایک چوتھائی گٹھی، ہری مرچ چار عدد، لال مرچ ایک کھانے کا چمچ (کٹی ہوئی)، ہلدی پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، زیرہ ایک کھانے کا چمچ (ثابت)، دھنیا ایک کھانے کا چمچ (ثابت)، نمک حسب ذائقہ، تیل فرائنگ کے لئے۔

ترکیب: کڑی کیلئے دہی میں ہلدی پاؤڈر، لال مرچ پاؤڈر اور نمک ڈال کر مکس کریں۔پانی ڈال کر آمیزہ پتلا کرلیں اور بیسن شامل کریں اور مزید پانی ڈال کر اچھی طرح مکس کریں۔پین میں پیاز فرائی کریں۔پیاز میں بیسن والا آمیزہ ڈال کر پکنے کے لئے رکھ دیں۔پسا زیرہ اور کڑی پتے فرائی کرکے کڑی کو تڑکا لگا دیں۔

پکوڑے کیلئے: ایک پیالے میں پیاز، ہرا دھنیا اور ہری مرچ چوپ کرکے ڈال دیں۔اس میں کٹی لال مرچ، ہلدی، ثابت زیرہ، ثابت دھنیا، نمک اور بیسن ڈال کر مکس کریں۔اب پکوڑے تل لیں۔پھر یہ پکوڑے کڑی میں ڈال دیں۔

چاول کیلئے: پین میں تیل ڈال کر زیرہ، چاول، نمک اور پانی شامل کریں اور پکنے کے لئے رکھ دیں۔چاول کو کڑھی کے ساتھ سرو کریں۔

فرنچ فرائز

اجزاء: آلو، دو عدد (درمیانہ سائز)، نمک حسب ذائقہ، انڈہ ایک عددکارن فلور دو ٹیبل سپون، میدہ ایک ٹیبل سپون، بیسن ایک ٹیبل سپون، آئل ڈیپ فرائنگ کیلئے۔

ترکیب: آلوؤں کو لمبائی میں کاٹ لیں۔ دھو کر چھلنی میں پانی خشک کر لیں۔ پیالے میں انڈہ،

بیسن، کارن فلور، نمک ڈال کر پھینٹ لیں۔ آلوڈال کر اچھی طرح ملا لیں۔ کڑاہی میں ڈال کر ڈیپ فرائی کر یں۔ کرارے ہو جائیں تو اتار کر جاذب کا غذ پر رکھیں۔ فرنچ فرائز کی چپ کے ساتھ بہت اچھے لگتے ہیں۔ یہ بچوں کی سب سے من پسند چیز ہے۔

سرسوں کا ساگ

اجزاء: سرسوں کا ساگ ایک گڈی، پالک ایک گڈی، میتھی کا ساگ ایک گڈی، پانی آدھا کپ، گڑ ایک چائے کا چمچ، موٹی ہری مرچ پانچ سے سات عدد، نمک حسب ذائقہ، ادرک ایک انچ کا ٹکڑا، مکئی کا آٹا دو کھانے کے چمچ، ایک چوتھائی پانی میں حل کرلیں، مکھن حسب ضرورت، گارنش کے لئے دو بڑے پیاز باریک کٹے ہوئے اور ایک چائے کا چمچ لہسن کو ایک چوتھائی کپ تیل میں فرائی کرلیں۔

ترکیب: ایک بڑی دیگچی میں آدھا کپ پانی ڈال کر سرسوں کے پتے 15/20 منٹ تک پکائیں، اب اس میں دیگر اجزاء شامل کرکے 15/20 منٹ مزید پکائیں پھر بلینڈر میں ڈال کر تھوڑا بلینڈ کریں، اب اس میں مکئی اور پانی کا محلول ڈال کر مزید پکائیں، اوپر سے گارنش کرکے پیش کریں۔

بیسن کی روٹی

اجزاء: بیسن دو کپ، آٹا ایک کپ، نمک آدھا چائے کا چمچ، کُٹی لال مرچ آدھا چائے کا چمچ، زیرہ آدھا چائے کا چمچ، کُٹا ہوا دھنیا آدھا چائے کا چمچ، کٹی ہری مرچ دو عدد، کٹی ہری پیاز ایک عدد، کٹا ہرا دھنیا ایک کھانے کا چمچ، زیتون کا تیل چار کھانے کے چمچ۔

ترکیب: ایک پیالے میں بیسن، آٹا، نمک، کُٹی لال مرچ، زیرہ، کُٹا ہوا دھنیا، کٹی ہری مرچ، کٹی ہری پیاز، کٹا ہرا دھنیا اور زیتون کو تیل ڈال کر مکس کریں، اب اسے نیم گرم پانی کے ساتھ درمیانہ نرم گوندھ لیں اور پھراسے تیس منٹ کے لئے ڈھک کر رکھ دیں۔ آخر میں اس کی روٹیاں بیل کر توے پر دونوں جانب سے سینک لیں۔

آلو کے پراٹھے

اجزا: آلو ایک کلو، ہری مرچ باریک کٹی ہوئی 2 سے 3 عدد، پسی ہوئی لال مرچ ایک چمچہ، نمک حسب ذائقہ، بھنا ہوا زیرہ 2 چمچے، ہرا دھنیا باریک کٹا ہوا 6 سے 7 ڈنڈیاں، لیموں کا رس 2 چائے چمچ، آٹا حسب ضرورت روٹیاں بنانے کے لئے، تیل پراٹھوں کے لئے۔

ترکیب: سب سے پہلے ایک پتیلی میں آلو ابالیں، پھر آلوؤں کے چھلکے اتاریں اور اس میں ہری مرچ، لال مرچ، نمک، زیرہ، ہرا دھنیا اور لیموں کا رس ڈال کر اچھی طرح مکس کرلیں۔

ایک تسلے میں آٹا گوندھ کر پیڑے بنا کر الگ رکھ دیں اب آٹے کا پیٹرا رکھیں اس پر آلو کا مصالحہ پچھائیں اور دوسرا پیٹرا رکھ کر روٹی کی طرح بیل دیں۔ توے پر تیل ڈال کر سینک لیں۔پلیٹ میں نکالیں اور مکھن کے ساتھ مزے سے پراٹھوں کا لطف اٹھائیں۔

پالک اور پیاز کے پکوڑے

اجزاء: پالک کے پکوڑے، پالک آدھی گڈی، بیسن ایک کپ، پیاز دو درمیانہ سائز، کٹی ہوئی، ہری مرچ دو باریک کٹی ہوئی، ہرا دھنیا آدھا کپ، سفید زیرہ آدھا چائے چمچ، ہلدی چوتھائی چائے چمچ، لال مرچ کٹی ہوئی آدھا چائے چمچ، بیکنگ پاؤڈر آدھا چائے چمچی، تیل تلنے کیلئے، نمک حسبِ ذائقہ۔

ترکیب: بیسن چھان لیں اور پالک باریک کاٹ لیں دھو کر اور بیسن میں شامل کر دیں تیل کہ علاوہ سب کچھ ڈال دیں اور مکس کر کے 15 منٹ رکھ دیں پھر تیل گرم کریں اور ڈیپ فرائی کرلیں۔٭

متعلقہ خبریں

Back to top button