عید کے دسترخوان کو شاہی ذائقوں سے سجائیں
عید الاضحیٰ کے موقع پر ہر گھر میں لذیذ اور خوشبودار پکوان تیار کیے جاتے ہیں۔ خصوصاً قربانی کے گوشت سے بننے والی روایتی ڈشز دسترخوان کی رونق بڑھا دیتی ہیں۔ اگر آپ بھی اس عید اپنے اہل خانہ اور مہمانوں کے لیے کچھ خاص بنانا چاہتے ہیں تو یہاں پیش ہیں شاہی مٹن قورمہ، شیخ کباب، بہاری قیمہ، برین مصالحہ اور بیف روسٹ کی آسان مگر نہایت ذائقے دار ریسپیز۔
مصالحہ دار مٹن قورمہ
قورمہ برصغیر کی روایتی اور شاہی ڈش مانی جاتی ہے۔ خوشبودار مصالحوں اور نرم گوشت سے تیار ہونے والا مٹن قورمہ عید کے دسترخوان کی شان بڑھا دیتا ہے۔
اجزاء
گوشت ایک کلو، نمک حسب ذائقہ، لال مرچ دو کھانے کے چمچ، ہلدی ایک چائے کا چمچ، دھنیا پاؤڈر دو کھانے کے چمچ، سفید زیرہ ایک چائے کا چمچ، لونگ چھ سے سات عدد، دار چینی دو ڈنڈی، کالی مرچ آٹھ سے دس عدد، چھوٹی الائچی چار سے پانچ عدد، تیز پات دو سے تین پتے، دہی ایک پاؤ، جائفل پسی ہوئی آدھا چائے کا چمچ، جاوتری پسی ہوئی آدھا چائے کا چمچ، تیل ایک کپ، کیوڑہ آدھا چائے کا چمچ، پیاز ایک پاؤ، پانی حسب ضرورت۔
ترکیب
سب سے پہلے دہی میں نمک، لال مرچ، ہلدی، دھنیا پاؤڈر، سفید زیرہ اور تمام ثابت مصالحے شامل کر کے اچھی طرح مکس کریں۔ اب گوشت شامل کر کے اسے آدھے گھنٹے کے لیے میری نیٹ ہونے دیں۔
ایک پتیلی میں تیل گرم کریں اور پیاز کو سنہری براؤن کر کے پیس لیں۔ اب گرم تیل میں گوشت شامل کر کے اچھی طرح بھونیں۔ دو گلاس پانی شامل کر کے ہلکی آنچ پر پکائیں۔ گوشت گل جائے تو تیز آنچ پر بھونیں یہاں تک کہ تیل الگ ہونے لگے۔ اب تلی ہوئی پیاز، جائفل اور جاوتری شامل کریں۔ آخر میں کیوڑہ ڈال کر دم دیں۔ مزیدار مٹن قورمہ تیار ہے۔
شیخ کباب
رسیلے اور دھواں دار شیخ کباب عید کی محفلوں کا خاص حصہ ہوتے ہیں۔ یہ روغنی نان اور چٹنی کے ساتھ بے حد لذیذ لگتے ہیں۔
اجزاء
بیف قیمہ آدھا کلو، پیاز ایک بڑی، نمک ایک چائے کا چمچ، پسی لال مرچ ڈیڑھ چائے کا چمچ، ادرک لہسن پیسٹ ایک کھانے کا چمچ، گرم مصالحہ ایک چائے کا چمچ، دھنیا، کٹا زیرہ، انڈا ایک عدد، ڈبل روٹی سلائس دو عدد، دہی آدھا کپ، مکھن چار اونس، کوکونٹ ملک دو کھانے کے چمچ، ٹماٹر، ہری مرچ اور ادرک۔
ترکیب
قیمے میں تمام مصالحے، انڈا اور بھیگی ہوئی ڈبل روٹی شامل کر کے اچھی طرح مکس کریں اور سیخ کباب تیار کریں۔ پین میں فرائی کر کے کوئلے کا دم دیں۔
اب ایک الگ پین میں تیل اور مکھن گرم کریں اور مصالحہ بھونیں۔ اس میں شیخ کباب شامل کریں اور ہلکی آنچ پر پکائیں۔ آخر میں کوکونٹ ملک، ہری مرچ اور باریک کٹی ادرک شامل کر کے دم دیں۔ روغنی نان کے ساتھ گرم گرم پیش کریں۔
بہاری قیمہ
بہاری قیمہ خوشبودار مصالحوں، دہی اور کوئلے کے دم کی وجہ سے منفرد ذائقہ رکھتا ہے۔
اجزاء
قیمہ آدھا کلو، خشخاش ایک کھانے کا چمچ، کھوپرا ایک کھانے کا چمچ، گول لال مرچ بارہ عدد، لونگ تین عدد، دار چینی دو ٹکڑے، ہری الائچی تین عدد، کچا پپیتا ایک کھانے کا چمچ، ادرک لہسن پیسٹ ایک کھانے کا چمچ، دہی ایک کپ، تلی ہوئی پیاز، گرم مصالحہ اور ہرا دھنیا۔
ترکیب
خشخاش، کھوپرا اور تمام ثابت مصالحوں کو بھون کر پیس لیں۔ قیمے کو کچے پپیتے اور ادرک لہسن کے ساتھ دو گھنٹے کے لیے میری نیٹ کریں۔
اب گھی یا تیل گرم کر کے پسا ہوا مصالحہ فرائی کریں۔ قیمہ شامل کر کے اچھی طرح بھونیں اور دہی ڈال کر ڈھک دیں۔ ہلکی آنچ پر پکائیں یہاں تک کہ پانی خشک ہو جائے۔ آخر میں تلی ہوئی پیاز اور گرم مصالحہ شامل کر کے کوئلے کا دم دیں۔ ہرے دھنیے اور ہری مرچ سے گارنش کر کے پیش کریں۔
برین مصالحہ
برین مصالحہ شوقین افراد کے لیے نہایت لذیذ اور نرم ڈش مانی جاتی ہے۔
اجزاء
بکرے کا مغز تین عدد، لہسن، کالی مرچ، ہلدی، پیاز، ادرک لہسن پیسٹ، ٹماٹر، دہی، لال مرچ، دھنیا پاؤڈر، گرم مصالحہ، سبز مرچ اور ہرا دھنیا۔
ترکیب
مغز کو ہلدی، لہسن اور کالی مرچ کے ساتھ ابال کر صاف کر لیں۔ ایک پین میں تیل گرم کریں اور پیاز کو فرائی کریں۔ ادرک لہسن پیسٹ اور ٹماٹر شامل کر کے اچھی طرح پکائیں۔
اب تمام مصالحے اور دہی شامل کریں۔ آخر میں مغز ڈال کر چند منٹ ہلکی آنچ پر پکائیں۔ سبز مرچ اور ہرے دھنیے سے گارنش کر کے نان یا خمیری روٹی کے ساتھ سرو کریں۔
بیف روسٹ
بیف روسٹ کم مصالحوں میں تیار ہونے والی مگر انتہائی لذیذ ڈش ہے۔
اجزاء
بیف آدھا کلو، تیل دو کھانے کے چمچ، نمک حسب ذائقہ، مرچ آدھا چائے کا چمچ، مسٹرڈ پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، ووسٹر شائر سوس دو کھانے کے چمچ۔
ترکیب
گوشت میں تمام مصالحے شامل کر کے دو گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ تیل گرم کریں اور گوشت کو ایک کپ پانی کے ساتھ اوون میں پکائیں۔ گوشت گل جائے تو باریک سلائس کاٹ کر گرم گرم پیش کریں۔
عید کی دعوت کو یادگار بنائیں
عید الاضحیٰ پر تیار کی جانے والی یہ روایتی ڈشز نہ صرف ذائقے میں لاجواب ہیں بلکہ مہمانوں کو بھی بے حد پسند آتی ہیں۔ خوشبودار مصالحوں اور دیسی انداز میں تیار کی گئی یہ ریسپیز آپ کے دسترخوان کو شاہی انداز بخش دیں گی۔



