سیاسی و مذہبی مضامین

ہالینڈ کا قیامت خیز دھماکہ: جب 37 ہزار پانڈ بارود نے لائیڈن کو ملبے میں بدل دیا

یورپ کا خوفناک ترین حادثہ

تاریخ کے مختلف ادوار میں بارود کے غیر محفوظ ذخیرے اور اس کی نقل و حمل کے دوران احتیاطی تدابیر کو نظر انداز کرنے کے نتیجے میں خوفناک سانحات رونما ہوئے، جن میں بڑی تعداد میں جانیں ضائع ہوئیں۔نپولین جنگوں کے دوران ایسا ہی ایک سانحہ اس وقت پیش آیا جب ہالینڈ جو اس وقت نپولین بوناپارٹ کے بھائی لوئس بوناپارٹ کی حکمرانی میں تھا، ایک تباہ کن حادثے کا شکار ہوا۔ بارود سے لدی ایک بحری جہاز کے دھماکے نے ہالینڈ کے اہم تجارتی شہر کو تہس نہس کر دیا۔

بارود کی منتقلی کا عمل

برطانیہ کے ممکنہ حملے کے خدشے کے پیش نظر ہالینڈ کی حکومت نے اسلحہ اور بارود کا ذخیرہ کرنا شروع کیا۔ دسمبر 1806 میں حکام نے امسٹرڈیم اور زیلند سے سوا دو لاکھ پانڈ بارود کی فراہمی کا حکم دیا۔ یہ بارود دلفت کے گوداموں تک پہنچانے کے لیے عام شہری جہاز رانوں سے معاہدے کیے گئے۔ان جہازوں میں "ڈیلفس ویلارن” نامی ایک کشتی بھی شامل تھی، جس پر 369 بیرل بارود لدا ہوا تھا ۔ یہ تقریبا 37 ہزار پانڈ وزنی تھا۔یہ جہاز 10 جنوری 1807 کو لائیڈن پہنچا، جو اس وقت ایک اہم تجارتی مرکز سمجھا جاتا تھا۔

لائیڈن میں خوفناک دھماکہ

12 جنوری 1807 کو شام چار بج کر پندرہ منٹ پر جب عملہ شام کا کھانا کھا رہا تھا ڈیلفس ویلارن میں پراسرار طور پر زوردار دھماکہ ہوا۔ چشم دید گواہوں کے مطابق پہلے ایک چھوٹا دھماکہ ہوا، جس کے فورا بعد ایک زوردار دھماکہ سنائی دیا، جس نے پورے جہاز کو لکڑی کے ٹکڑوں میں بدل دیا۔ دھماکے کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ جہاز کی لنگر زنجیر 900 میٹر دور جا گری۔اس حادثے میں 151 افراد جان سے گئے۔ ہزاروں زخمی ہوئے اور شہر کے 200 سے زائد مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔ بلند عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا اور شہر بھر کی کھڑکیوں کے شیشے چکنا چور ہو گئے۔

بادشاہ کی امدادی کارروائی اور قوانین کا نفاذ

حادثے کے بعد بادشاہ لوئس بوناپارٹ ذاتی طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے اور زخمیوں کی مدد کی۔ حکومت نے متاثرہ افراد کو مالی امداد دی اور شہر کی ازسر نو تعمیر کے لیے خطیر رقم مختص کی۔ اس سانحے کے بعد ہالینڈ میں بارود کی نقل و حمل کے حوالے سے سخت قوانین نافذ کر دیے گئے تاکہ مستقبل میں اس قسم کے اندوہناک حادثات سے بچا جا سکے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button