
امریکہ میں گرین کارڈ کا جھانسہ دے کر خاتون کو جنسی ہراسانی کا نشانہ بنانے کا الزام، ICE افسر پر سنگین الزامات
تمہارا شوہر بوڑھا ہو گیا ہے، میرے پاس آؤ
ٹیکساس، 16 نومبر (اردو دنیا نیوز/ایجنسیز)امریکہ میں امیگریشن حراستی مراکز میں خواتین کی حفاظت سے متعلق سنگین سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ ٹیکساس کے ایک حراستی مرکز میں زیرِ حراست رہنے والی 21 سالہ لبنانی خاتون نے امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (ICE) کے ایک افسر پر جنسی ہراسانی اور زیادتی کے الزامات عائد کیے ہیں۔ خاتون کا دعویٰ ہے کہ افسر نے گرین کارڈ دلانے اور امیگریشن معاملات میں مدد کرنے کا لالچ دے کر اس کا استحصال کیا۔
نیوز ویک کو دیے گئے انٹرویو میں راہف علی، جو لوسی وائز کے نام سے بھی جانی جاتی ہیں، نے الزام لگایا کہ ٹیکساس کے شہر ریمنڈ ویل میں واقع ایل ویلے حراستی مرکز میں تعینات افسر مارکل والیس نے انہیں ایک الگ تھلگ کمرے میں لے جا کر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ خاتون کے مطابق افسر نے اسے کہا کہ وہ اسے گرین کارڈ دلوا سکتا ہے، جبکہ اس کا شوہر عمر رسیدہ ہو چکا ہے اور اس کی مدد نہیں کر سکتا۔
خاتون کے مطابق افسر نے اپنی سرکاری حیثیت اور اس کے امیگریشن مسائل کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کی۔ اس نے مبینہ طور پر رہائی اور مستقل رہائش کے حصول میں مدد کی پیشکش کی۔ خاتون کا کہنا ہے کہ افسر نے اسے اپنا فون نمبر بھی دیا اور کہا کہ اگر وہ اپنا ارادہ بدل لے تو وہ میکسیکو بھی آ سکتا ہے۔
راہف علی نے الزام لگایا کہ افسر نے اسے دھمکی دی تھی کہ اگر اس نے اس کی پیش کش قبول نہیں کی تو وہ اس کے شوہر کو جیل بھجوا سکتا ہے اور اسے امریکہ سے ڈی پورٹ کروا سکتا ہے۔ خاتون کے مطابق اس نے کمرے میں مزاحمت کی اور افسر کو روکنے کی کوشش کرتی رہی، لیکن وہ خود کو بے بس محسوس کر رہی تھی۔
رپورٹ کے مطابق خاتون کو فروری میں ریو گرانڈے ویلی کے قریب سے گرفتار کیا گیا تھا۔ امریکی حکام نے الزام لگایا تھا کہ وہ اگست 2024 میں مونٹریال سے غیر قانونی طور پر امریکہ میں داخل ہوئی تھی۔ خاتون کا کہنا ہے کہ جب اس کے وکیل نے کیس سے علیحدگی اختیار کر لی اور وہ قانونی مدد سے محروم ہو گئی تو اسی دوران مذکورہ افسر نے اسے دوسرے تفتیش کاروں سے بات چیت کے بہانے اپنے پاس بلایا۔
اس کے بعد مبینہ طور پر اسے حراستی مرکز کے ایک چھوٹے اور الگ تھلگ کمرے میں لے جایا گیا، جہاں اس کے ساتھ زیادتی کی گئی۔
راہف علی کے شوہر سام وائز نے بتایا کہ انہیں اس واقعے کا علم اگست کے اواخر میں اس وقت ہوا جب ان کی اہلیہ ICE کی حراست سے رہا ہو چکی تھیں۔ انہیں اس بارے میں ایک دوست کے ذریعے اطلاع ملی، جس سے راہف نے واقعے کا ذکر کیا تھا۔
سام وائز کے مطابق ان کی اہلیہ نے ابتدا میں انہیں اس لیے کچھ نہیں بتایا کیونکہ انہیں خدشہ تھا کہ کہیں انہیں ہی قصوروار نہ ٹھہرایا جائے یا ان کا شوہر انہیں چھوڑ نہ دے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس واقعے سے شدید صدمے اور غصے میں ہیں اور اس بات کا افسوس ہے کہ ان کی اہلیہ کو کئی ماہ تک یہ تکلیف تنہا برداشت کرنا پڑی۔
سام وائز نے اپنی اہلیہ کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے پر شرمندگی خاتون کو نہیں بلکہ مبینہ طور پر ذمہ دار شخص کو ہونی چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ اپنی اہلیہ کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
رپورٹ کے مطابق راہف علی ٹیکساس اے اینڈ ایم یونیورسٹی میں نرسنگ کی تعلیم حاصل کر رہی تھیں اور ایک ڈینٹل کلینک میں جنرل منیجر کے طور پر بھی کام کرتی تھیں۔ انہیں یکم مئی کو رضاکارانہ طور پر امریکہ چھوڑنے کی اجازت دی گئی تھی اور وہ اس وقت میکسیکو میں مقیم ہیں، جبکہ ان کے شوہر ٹیکساس میں قانونی مستقل رہائشی ہیں۔
دوسری جانب امریکی محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی (DHS)، جس کے ماتحت ICE کام کرتا ہے، نے ایل ویلے حراستی مرکز میں بدسلوکی کے الزامات کو مسترد کیا ہے۔ محکمہ کے ترجمان نے نیوز ویک کو بتایا کہ حراستی مراکز میں بدسلوکی کے الزامات کو سنجیدگی سے لیا جاتا ہے اور اگر کوئی الزام ثابت ہو جائے تو مناسب کارروائی کی جاتی ہے۔
اردو دنیا نیوز — ہر خبر آپ کے ساتھ!
تازہ خبروں اور خصوصی ویڈیوز کے لیے ہمارے واٹس ایپ گروپ، یوٹیوب چینل اور موبائل ایپ سے جڑیں



