انسانیت شرمندہ: 28 سالہ شخص پر 80 سالہ خاتون کے ساتھ زیادتی کا الزام
بزرگ خاتون کے ساتھ مبینہ زیادتی کے واقعے پر علاقے میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔
نئی دہلی 02 جون:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)مہاراشٹر کے چھترپتی سمبھاج نگر ضلع سے ایک انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک 28 سالہ شخص پر 80 سالہ خاتون کے ساتھ مبینہ زیادتی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پچوڈ پولیس حرکت میں آئی اور ملزم کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کو طبی معائنے کے لیے چھترپتی سمبھاج نگر کے سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا۔ واقعے کی خبر پھیلتے ہی پچوڈ اور اطراف کے علاقوں میں شدید غم و غصہ دیکھنے میں آیا۔
رات کے وقت بڑی تعداد میں مقامی افراد پچوڈ پولیس اسٹیشن کے باہر جمع ہوگئے اور تھانے کا گھیراؤ کرتے ہوئے ملزم کے خلاف سخت قانونی کارروائی اور کڑی سزا کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ ایسے سنگین جرائم میں ملوث افراد کے خلاف فوری اور سخت اقدامات کیے جانے چاہئیں تاکہ معاشرے میں قانون کا خوف برقرار رہے۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب چند ماہ قبل چھتیس گڑھ کے دھمتری ضلع میں بھی ایک بزرگ خاتون کے ساتھ مبینہ زیادتی کا معاملہ منظر عام پر آیا تھا۔ اس واقعے میں 86 سالہ خاتون کو نشانہ بنایا گیا تھا جبکہ ملزم واردات کے بعد فرار ہوگیا تھا۔ متاثرہ خاتون کو تشویشناک حالت میں اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔
مہاراشٹر کے تازہ واقعے نے ایک بار پھر خواتین، خصوصاً بزرگ خواتین کے تحفظ اور معاشرتی اقدار سے متعلق سنجیدہ سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے اور قانونی کارروائی جاری ہے۔



