تلنگانہ کی خبریں

MANUU میں ایم اے اردو اور ڈپلوما کورسز میں داخلے جاری، 10 جون آخری تاریخ

ایم اے اردو اور ڈپلوما کورسز کے لیے آن لائن درخواستیں طلب

حیدرآباد، 3 جون (پریس نوٹ):مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے شعبۂ اردو میں ماسٹر آف آرٹس (ایم اے اردو) اور جزوقتی ڈپلوما کورسز میں داخلے جاری ہیں۔ یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق یہ داخلے میرٹ کی بنیاد پر دیے جائیں گے اور درخواستیں صرف آن لائن طریقے سے قبول کی جا رہی ہیں۔

شعبۂ اردو، یونیورسٹی کے ابتدائی شعبوں میں شامل ہے جس کا قیام 2004 میں عمل میں آیا تھا۔ یہ شعبہ طلبہ میں اردو زبان، ادب اور ثقافت کی ادبی و تہذیبی اہمیت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ اس کی عصری معنویت سے بھی روشناس کراتا ہے۔ شعبہ اردو زبان کو علم کی زبان اور اردو ادب کو اقدار کے ادب کی حیثیت سے فروغ دینے کے لیے مختلف تعلیمی اور تحقیقی سرگرمیاں انجام دیتا ہے۔

یونیورسٹی کے مطابق شعبۂ اردو کے فارغ طلبہ ملک اور بیرونِ ملک مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ کئی طلبہ نے سرکاری اسکولوں، کالجوں اور دیگر تعلیمی اداروں میں ملازمتیں حاصل کی ہیں، جبکہ بعض کو عالمی سطح کی بڑی کمپنیوں میں بھی روزگار کے مواقع حاصل ہوئے ہیں۔

ایم اے اردو کے نصاب میں شاعری، اردو زبان و ادب، ترجمہ، صحافت، انگریزی اور کمپیوٹر کی بنیادی تعلیم شامل ہے، جس سے طلبہ کو عصری تقاضوں کے مطابق مہارتیں حاصل کرنے میں مدد ملتی ہے۔

شعبۂ اردو کی صدر پروفیسر مسرت جہاں کے مطابق ایم اے اردو میں داخلے کے خواہشمند طلبہ اپنی درخواستیں صرف آن لائن جمع کرا سکتے ہیں۔ درخواست داخل کرنے کی آخری تاریخ 10 جون 2026 مقرر کی گئی ہے۔

آن لائن درخواست کے لیے: مانو داخلہ پورٹل

مزید معلومات کے لیے موبائل نمبر 9491742608 یا شعبۂ اردو کے دفتر 040-23006612 (ایکسٹینشن 3111) پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button