تلنگانہ کی خبریں

مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن کی میعاد میں توسیع، صدر جمہوریہ ہند کی منظوری

صدر جمہوریہ کی منظوری کے بعد مانو میں ترقیاتی منصوبوں اور تعلیمی اصلاحات کے تسلسل کی امید

حیدرآباد، 23 جولائی (ڈاکٹر محمد مصطفےٰ علی سروری): مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی (مانو) کے وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن کی مدتِ کار میں باضابطہ طور پر توسیع کر دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر اشتیاق احمد نے ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے اس فیصلے کی تصدیق کی۔

اعلامیے کے مطابق، وزارتِ تعلیم، حکومتِ ہند کے محکمۂ اعلیٰ تعلیم کی جانب سے 22 جولائی 2026 کو جاری کیے گئے مکتوب کی روشنی میں صدرِ جمہوریہ ہند نے بطور وزیٹر یونیورسٹی پروفیسر سید عین الحسن کی میعاد میں توسیع کی منظوری دی ہے۔

پروفیسر سید عین الحسن ملک کے ممتاز فارسی اسکالرز میں شمار کیے جاتے ہیں۔ ان کی تعلیمی خدمات، مؤثر انتظامی صلاحیت اور یونیورسٹی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا۔

یاد رہے کہ پروفیسر سید عین الحسن کو 23 جولائی 2021 کو مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کا پانچواں وائس چانسلر مقرر کیا گیا تھا، جبکہ انہوں نے 28 جولائی 2021 کو باضابطہ طور پر اپنے عہدے کا چارج سنبھالا تھا۔

ان کی قیادت میں یونیورسٹی نے متعدد اہم کامیابیاں حاصل کیں۔ اسی دور میں مانو کو NAAC کی جانب سے A+ گریڈ ملا، جبکہ QS عالمی رینکنگ اور NIRF قومی درجہ بندی میں بھی یونیورسٹی کی پوزیشن میں نمایاں بہتری آئی۔

قومی تعلیمی پالیسی (NEP 2020) کے تحت یونیورسٹی میں لاء اسکول قائم کیا گیا، جہاں ایل ایل بی سمیت مختلف قانونی کورسز شروع کیے گئے۔ اس کے علاوہ کئی نئے اور اختراعی تعلیمی پروگرام متعارف کرائے گئے، جن سے طلبہ کو جدید تعلیم کے بہتر مواقع میسر آئے۔

پروفیسر سید عین الحسن کی خصوصی دلچسپی کے باعث وارانسی کیمپس بھی قائم کیا گیا، جہاں بی ایڈ کالج کے ساتھ فاصلاتی تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کے لیے ریجنل سینٹر بھی شروع کیا گیا۔

ان کی تعلیمی اور سماجی خدمات کے اعتراف میں حکومتِ ہند نے انہیں جنوری 2025 میں پدم شری اعزاز سے بھی نوازا تھا۔

ان کی مدتِ کار میں توسیع پر یونیورسٹی کے رجسٹرار، اساتذہ، غیر تدریسی عملہ اور طلبہ نے انہیں مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر پروفیسر سید عین الحسن نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ مدت میں بھی یونیورسٹی کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر مزید ترقی دلانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button