بین ریاستی خبریںجرائم و حادثات

مرادآباد ڈکیتی کیس: محبت میں اندھی بیٹی نے عاشق کے ساتھ مل کر اپنے ہی باپ کو لوٹ لیا

محبت میں اندھی بیٹی نے اپنے ہی گھر کو لوٹنے کی سازش تیار کر ڈالی۔

مرادآباد 14 مئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) اتر پردیش کے مرادآباد ضلع میں 1.3 کروڑ روپے کی سنسنی خیز ڈکیتی کے معاملے میں ایسا حیران کن انکشاف سامنے آیا ہے جس نے پورے علاقے کو ہلا کر رکھ دیا۔ پولیس تفتیش میں معلوم ہوا کہ اس ہائی پروفائل واردات کے پیچھے پیتل کے ایک معروف تاجر کی اپنی ہی بیٹی ماسٹر مائنڈ نکلی، جس نے اپنے بوائے فرینڈ کے ساتھ مل کر ڈکیتی کی پوری سازش تیار کی تھی۔

اطلاعات کے مطابق ناگفنی تھانے کی حدود میں واقع اکبر کمپاؤنڈ میں رہنے والے پیتل تاجر عمران کے گھر پر مسلح افراد نے دھاوا بول دیا تھا۔ حملہ آوروں نے اہل خانہ کو اسلحہ کے زور پر یرغمال بنایا اور گھر میں چھپائی گئی بھاری نقد رقم، سونے اور چاندی کے زیورات لوٹ کر فرار ہوگئے۔ واقعہ کے بعد پورے ضلع میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔

معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ستپال انٹل نے فوری طور پر خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں۔ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نگر کمار رنوجے اور سرکل آفیسر سنیتا دہیا کی قیادت میں پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج، الیکٹرانک نگرانی اور خفیہ معلومات کی مدد سے ملزمان تک رسائی حاصل کی۔

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ارشد وارثی، کلدیپ، روی کمار، نکی اور تاجر کی 21 سالہ بیٹی اریبہ کو گرفتار کر لیا۔ پوچھ گچھ کے دوران چونکا دینے والے حقائق سامنے آئے۔ پولیس کے مطابق اریبہ اور ارشد وارثی گزشتہ آٹھ سے نو برس سے ایک دوسرے سے محبت کرتے تھے، لیکن دونوں خاندانوں کے مختلف سماجی پس منظر کی وجہ سے شادی کی اجازت نہیں مل رہی تھی۔

تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ اریبہ مسلسل اپنے والد کے کاروباری معاملات، گھر میں موجود نقدی اور اہل خانہ کی نقل و حرکت کی معلومات اپنے بوائے فرینڈ تک پہنچا رہی تھی۔ پولیس کے مطابق اس نے ایک ماہ قبل گھر کی چابیاں بھی ارشد کو دے دی تھیں۔ واردات کی رات دروازہ بھی اسی نے کھولا، جس کے بعد ارشد اپنے ساتھیوں کے ساتھ گھر میں داخل ہوا اور ڈکیتی انجام دی۔

پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 4 لاکھ 72 ہزار 400 روپے نقد، پانچ موبائل فون، چار غیر قانونی پستول، زندہ کارتوس اور واردات میں استعمال ہونے والی دو کاریں برآمد کی ہیں۔ باقی مفرور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

ایس ایس پی ستپال انٹل نے ناگفنی انسپکٹر راکیش کمار اور ان کی ٹیم کو ریکارڈ وقت میں معاملہ حل کرنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ قانون سے بچ نکلنا کسی بھی بڑے مجرم کے لیے ممکن نہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button