
ممبئی،21؍اگست :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)مہاراشٹرا کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے اپوزیشن جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ عوام کا #اعتماد حاصل کریں اور متحد اور مضبوط رہیں۔ انہوں نے کانگریس صدر سونیا گاندھی کی طرف سے طلب کردہ اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کی ایک آن لائن میٹنگ کے دوران یہ اپیل کی۔شیو سینا کے رہنما سنجے راؤت نے ہفتے کے روز نامہ نگاروں کو بتایاکہ میٹنگ کے دوران ٹھاکرے نے اس بات پر زور دیا کہ پارٹیوں کو عوام کا اعتماد جیتنا ہوگا۔ اقتدار کی کوئی ہوس نہیں ہے۔ لیکن جب اقتدار سامنے ہو تب بھی لوگوں کو اپوزیشن جماعتوں پر اعتماد ہونا چاہیے کہ وہ مضبوط اور متحد رہیں گے۔
راوت نے کہا کہ سونیا گاندھی نے تمام پارٹیوں کے رہنماؤں سے ذاتی طور پر بات کی ہے اور ان سے میٹنگ میں شرکت کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن #میٹنگ میں مبینہ #پیگاسس #جاسوسی کیس، کسانوں سے متعلق مسائل، بڑھتی ہوئی مہنگائی اور ’جمہوریت پر حملے‘ کے علاوہ متحد ہو کر آنے والے عام انتخابات کی تیاری کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔افغانستان کی صورتحال کے بارے میں پوچھے جانے پر راوت نے کہا کہ ہندوستان کو طالبان سے خطرہ ہے کیونکہ اسے ہندوستان کے دشمن #پاکستان اور #چین کی حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر #ہندوستان میں طالبان کی حمایت میں آواز اٹھائی جاتی ہے تو حکومت کو انہیں فوری طور پر کچل دینا چاہیے۔
نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے سربراہ شرد پوار، مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ اور ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی، تمل ناڈو کی وزیر اعلیٰ اور ڈی ایم کے کے رہنما ایم کے سٹالن اور جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ اور جے ایم ایم کے رہنما ہیمنت سورین اور مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ اور #شیوسینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے سمیت 19 اپوزیشن جماعتوں کے قائدین نے شرکت کی۔



