
مہاراشٹر: کوویڈ-19 سے متاثرہ حاملہ خاتون نے بچے کو جنم دیا
“کوویڈ سے متاثرہ حاملہ خاتون نے ایمبولینس میں بچے کو جنم دیا، ماں اور نومولود زیر علاج ہیں۔
ممبئی 19 مئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) مہاراشٹر کے شہر کلیان میں ایک حیرت انگیز واقعہ سامنے آیا جہاں کوویڈ-19 سے شدید متاثرہ سات ماہ کی حاملہ خاتون نے ایمبولینس میں بچے کو جنم دیا۔ بعد ازاں ماں اور نومولود دونوں کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق 37 سالہ خاتون کو تشویشناک حالت میں کلیان-ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن کے زیر انتظام ’آرٹ گیلری‘ میں قائم سرکاری کوویڈ-19 اسپتال کے آئی سی یو میں داخل کرایا گیا تھا۔ اسی دوران خاتون کو دردِ زہ شروع ہوا اور انہوں نے ایمبولینس میں ہی ایک لڑکے کو جنم دیا۔
حکام کے مطابق پیر کے روز نارمل ڈٰیلیوری کے ذریعے بچے کی پیدائش ہوئی۔ یہ پہلا موقع تھا جب کے ڈی ایم سی کے زیر انتظام کوویڈ اسپتال میں کسی حاملہ مریضہ کا اس طرح خصوصی نگرانی میں علاج کیا گیا۔
ڈاکٹروں نے بتایا کہ نومولود کا وزن کم ہونے کی وجہ سے اسے ایک نجی اسپتال کے نومولود انتہائی نگہداشت یونٹ میں داخل کیا گیا ہے۔ طبی حکام کے مطابق ماں اور بچے دونوں کی حالت میں بہتری آ رہی ہے اور مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔



