
مشہور پستہ ہاؤز گروپ آف ہوٹلس کے مینجنگ ڈائرکٹر محمد عبدالمجید کا فیس بک اکاؤنٹ ہائیک کرلیا گیا
پستہ ہاؤز کے مینجنگ ڈائرکٹر محمد عبدالمجید کا فیس بک اکاؤنٹ ہیک، رقم مانگنے والے پیغامات سے خبردار
حیدرآباد: (اردودنیا.اِن) حیدرآباد کے معروف پستہ ہاؤز گروپ آف ہوٹلس کے مینجنگ ڈائرکٹر جناب محمد عبدالمجید کا فیس بک اکاؤنٹ نامعلوم افراد نے ہیک کرلیا ہے۔ ہیکرز اکاؤنٹ کے میسنجر کے ذریعے مختلف افراد کو پیغامات روانہ کرتے ہوئے فوری طور پر رقم بھیجنے کی اپیل کر رہے ہیں۔
محمد عبدالمجید حیدرآبادی حلیم میکنگ ایسوسی ایشن کے ڈائرکٹر بھی ہیں اور ملک و بیرونِ ملک پستہ ہاؤز کی متعدد شاخوں کے مالک ہیں۔
اکاؤنٹ ہیک ہونے کے بعد ان کے فیس بک اکاؤنٹ سے دوست احباب اور دیگر صارفین کو ایسے پیغامات موصول ہو رہے ہیں جن میں رقم کی فوری ضرورت ظاہر کرتے ہوئے مخصوص فون نمبرز کے ذریعے رقم روانہ کرنے کی درخواست کی جا رہی ہے۔
اس سلسلے میں محمد عبدالمجید نے تمام فیس بک صارفین، دوست احباب اور واقف کاروں سے اپیل کی ہے کہ ان کے فیس بک اکاؤنٹ یا میسنجر سے موصول ہونے والے کسی بھی ایسے پیغام پر یقین نہ کریں جس میں رقم بھیجنے کی درخواست کی گئی ہو اور کسی بھی صورت رقم روانہ نہ کریں۔
انہوں نے مزید اپیل کی کہ اگر کسی شخص کو ان کے ہیک شدہ فیس بک اکاؤنٹ سے رقم بھیجنے کی درخواست موصول ہو تو اس سلسلے میں استعمال کیے جانے والے فون نمبرز سے انہیں فوری طور پر واقف کروایا جائے، تاکہ کارروائی میں مدد مل سکے۔
محمد عبدالمجید کے مطابق اس واقعہ کی شکایت سائبر کرائم سیل میں درج کروائی جاچکی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ متعلقہ حکام فیس بک اکاؤنٹ ہیک کرنے والے افراد کا سراغ لگا کر ان کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔




