راج کرن: منفرد مسکراہٹ والا رومانی اداکار، جو گمنامی کی دھند میں کھو گیا
سلام بن عثمان
1988 میں فلم "قرض” سے شہرت پانے والے اداکار راج کرن کی کہانی – گمنامی، ذہنی دباؤ اور لاپتہ ہونے کا معمہ
بالی وڈ میں کئی فنکار ایسے آئے جو جلد ہی شہرت کی بلندیوں کو چھو گئے، لیکن ان کی کہانیاں وقت کی گرد میں کھو گئیں۔ انہی میں ایک نام راج کرن کا بھی ہے ۔ ایک اسٹائلیسٹ،خوش مزاج، اور رومانی اداکار، جس کی مسکراہٹ برسوں ناظرین کے دلوں میں بسی رہی۔
ابتدائی زندگی اور فلمی کیریئر
راج کرن کا اصل نام راج کرن متھانی تھا، اور وہ 5 فروری 1949 کو ایک سندھی گھرانے میں پیدا ہوئے۔ ان کا فلمی سفر 1975 میں بی آر اشارہ کی فلم کاغذ کی ناؤ سے شروع ہوا۔ اپنی دلکش شخصیت، رومانوی انداز اور سنجیدہ اداکاری کی وجہ سے انھیں جلد ہی شہرت مل گئی۔
انہوں نے تقریباً 80 سے زائد فلموں میں کام کیا جن میں قرض، ارتھ، بسیرا، وارث، راج تلک جیسی کامیاب فلمیں شامل ہیں۔ بڑے اداکاروں جیسے راجیش کھنہ، رشی کپور، متھن چکرورتی، دھرمیندر اور معروف اداکاراؤں جیسے ریکھا،سمتا پاٹل، شبانہ اعظمی، دپتی نول کے ساتھ کام کر کے اپنی اداکاری کا لوہا منوایا۔
1988 میں شبھاش گھائی کی فلم "قرض” میں رشی کپور کے پچھلے جنم کا کردار راج کرن نے بخوبی ادا کیا۔ اس فلم کا نصف حصہ راج کرن پر مبنی تھا، جسے ناظرین نے بے حد سراہا۔ اس سے قبل مہیش بھٹ کی فلم "ارتھ” میں بھی انہوں نے شاندار اداکاری کے جوہر دکھائے، جس کے بعد انہیں کئی فلموں میں موقع ملا۔
راج کرن نے قرض، ارتھ، بسیرا، راج تلک، وارث سمیت کئی بڑی فلموں میں کام کیا۔ ان کی چند مشہور فلمیں کاغذ کی ناو، شکھشا، مان ابھیمان، ایک نیا رشتہ اور دیگر ہیں۔ تاہم، 1990 کے بعد ان کی فلموں کا سلسلہ کم ہوتا چلا گیا، جس کی بنیادی وجہ ذہنی دباؤ تھا۔
ذہنی طور پر پریشان راج کرن کو اس وقت مزید دھچکا لگا جب ان کی بیوی اور بچوں نے بھی ان کا ساتھ چھوڑ دیا۔ تاہم، وہ اپنی اداکاری سے وابستہ رہے۔ مہیش بھٹ نے انہیں سہارا دیا، جس سے وہ کچھ حد تک سنبھلے۔ 1994 میں وہ شیکھر سمن کے ٹی وی سیریل میں نظر آئے، اور بعد میں "آہٹ” نامی سیریل کا بھی حصہ بنے۔
ان دنوں راج کرن ممبئی کے بائیکلہ اسپتال میں زیر علاج تھے۔ انہوں نے اپنے بھائی گوند متھانی (جو امریکہ میں مقیم تھے) سے رابطہ کیا اور ان سے امریکہ آنے کی گزارش کی۔ راج کرن بعد ازاں امریکہ چلے گئے، مگر پھر ان کی کوئی خبر نہ ملی۔
اداکارہ اور ان کی قریبی دوست دپتی نول نے فیس بک پر راج کرن کی گمشدگی کی خبر شیئر کی۔ کچھ لوگوں نے دعویٰ کیا کہ وہ امریکہ میں کیب چلا رہے ہیں، تو کچھ نے ان کے انتقال کی افواہ پھیلائی۔
جون 2011 میں رشی کپور نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ انہوں نے امریکہ میں راج کرن کے بھائی سے بات کی جنہوں نے کہا کہ راج کرن اٹلانٹا کے ایک ذہنی امراض کے اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ تاہم، ان کی بیٹی نے اس دعوے کو رد کرتے ہوئے کہا کہ راج کرن لاپتہ نہیں۔ جسے ممبئی پولس اور پرائیویٹ ڈیکٹیو ایجنٹ انھیں تلاش کر رہی ہیں۔
بدقسمتی سے، انڈسٹری ایسے باصلاحیت فنکاروں کو جلد بھول جاتی ہے جو گمنامی میں چلے جاتے ہیں۔ راج کرن کی دل موہ لینے والی مسکراہٹ، باکمال اداکاری اور سنجیدہ کرداروں کو آج بھی ناظرین یاد کرتے ہیں۔ اگر فلم انڈسٹری کے دوسرے بڑے نام بھی ان کے لیے آواز اٹھاتے، تو شاید آج ہم ان کی نئی فلموں سے لطف اندوز ہو رہے ہوتے۔
بدترین حالات میں جب اپنوں کا ساتھ بھی چھوٹ جائے، تو انسان مکمل ٹوٹ جاتا ہے۔ یہی راج کرن کے ساتھ ہوا—بیوی نے نہ صرف ساتھ چھوڑا بلکہ دوسری شادی بھی کرلی۔
فلمی شائقین آج بھی ان کی مسکراہٹ اور شخصیت کو یاد کرتے ہیں، اور کئی لوگ آج بھی ان کی تلاش میں ہیں۔
بہترین کرداروں کے ذریعے شناخت بنانے والا اداکار نوازالدین صدیقی-



