بین ریاستی خبریں

نوجوت سنگھ سدھو کی قریبی رضیہ سلطانہ نے پنجاب کے وزیر کے عہدے سے دیا استعفیٰ

چنڈی گڑھ، 28 ستمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)پنجاب کی کابینہ کی وزیر رضیہ سلطانہ نے استعفیٰ دے دیا۔ رضیہ سلطانہ کے پاس پانی کی فراہمی ، صفائی اوربہبودبرائے خواتین واطفال کی وزارت تھی۔ انہوں نے کہا کہ سب کوپتہ تھا کہ کچھ غلط ہونے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوت سنگھ سدھو اصولوں کا آدمی ہے، انہیں کوئی لالچ نہیں ہے، وہ پنجاب اور پنجابیت کیلئے لڑ رہے ہیں۔

رضیہ سلطانہ نوجوت سنگھ سدھو کے مشیر محمد مصطفی کی بیوی ہیں۔وزیراعلی چرنجیت سنگھ چنی کو بھیجے گئے اپنے استعفیٰ خط میں رضیہ سلطانہ نے کہا کہ وہ نوجوت سنگھ سدھو کی حمایت میں وزیر کے عہدے سے استعفیٰ دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پارٹی کارکن کی حیثیت سے کام کرتی رہیں گی۔

اس کے علاوہ یوگیندر ڈھنگرا نے نوجوت سنگھ سدھو کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پنجاب کانگریس کے جنرل سیکرٹری کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ سدھو کے استعفیٰ کے بعد وزیر رضیہ سلطانہ اور ریاستی پارٹی کے خزانچی گلزار اندر چہل کے بعد استعفیٰ دینے والے ڈھنگرا تیسرے کانگریسی لیڈر ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ نوجوت سنگھ سدھو نے آج کانگریس کی پنجاب یونٹ کے صدر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، جس سے ریاست میں اسمبلی انتخابات سے چند ماہ قبل پارٹی میں ایک نیا بحران پیدا ہوگیا۔ ریاست میں نئی کابینہ کے ارکان کو قلمدان الاٹ کئے جانے کے بعد سدھو نے عہدہ چھوڑ دیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button