سبزی پراٹھا
اشیاء: مکس سبزی (بچی ہوئی) ایک کپ، آٹا دو کپ، تیل حسب ضرورت۔
ترکیب: اس ترکیب کے لئے بھجیا ہونی چاہئے سالن نہیں، آٹے میں ایک کھانے کا چمچ تیل اور تھوڑا سا نمک ڈال کر پانی سے گوند لیں اور ایک گھنٹے رکھا رہنے دیں، آٹے کا پیڑا بنا کر روٹی بیلیں، اسے اٹھا کر دوسری طرف رکھ دیں پھر دوسری روٹی بیل کر اس پر سبزیوں کی بھجیا چمچ بھر کر روٹی پر پھیلائیں، اوپر سے دوسری روٹی رکھ کر کنارے دبا کر بند کر دیں، ایک فرائینگ پین میں تیل گرم کرکے یہ پراٹھا فرائی کر لیں۔
چیز رول پراٹھے
اشیاء: بریڈ پراٹھا دو عدد، سرخ بینز ایک چھوٹا ڈبہ، ہری مرچ باریک کٹی ہوئی ایک کھانے کا چمچ پنیر آدھا کپ، ہرا دھنیا کترا ہوا، ایک کھانے کا چمچ، ٹماٹر دو عدد، پیاز دو عدد، لہسن جوس حسب ضرورت۔
ترکیب: ٹماٹر اور پیاز کو کتر لیں، اس میں لیمن جوس شامل کرکے ایک کپ کے مکسچرتیار کرلیں، بینز ڈبے میں سے نکال لیں، ان میں پنیر آدھا، ہری مرچیں، ہرادھنیا اور نمک مکس کریں، اس میں آدھا لہسن اور ٹماٹر والا مکسچر بھی شامل کر دیں۔
سب چیزوں کو آپس میں ملا دیں ، بریڈ کے پراٹھے تیل میں فرائی کریں ، گرم پراٹھوں پر یہ مرکب رکھ کر رول بناتے جائیں، اوون کو 350 فارن ہا ئیٹ پر پہلے سے گرم کریں، ایک اوون پروف ڈش پر تیل لگا کر چکنا کریں، رول اس پر رکھیں باقی پنیر اس پر چھڑک کر اوون میں پیک کرلیں، پنیر پگھل جائے اور رول گرم ہو جائیں تو نکال لیں، سلاد وغیرہ کیساتھ سرو کریں ۔
آلو پراٹھا
اشیاء: آٹا ایک پاؤ، آلو 150 گرام، انار دانہ ایک چائے کاچمچہ ہری مرچ کٹی ہوئی ایک چائے کا چمچہ، نمک حسب ذائقہ، تیل یا مکھن چار کھانے کے چمچے سرخ مرچ پسی ہوئی ایک چائے کا چمچہ۔
ترکیب: آٹے میں آدھا چائے کا چمچہ نمک ملا کر اسے چھان لیں۔ آلوکو ابال کر اس کا چھلکا اتار لیں۔ پھر انھیں پیس کر ٹھنڈا کرلیں۔ انار دانی کو گرائنڈ کر لیں اور سفوف بنالیں ۔پسے ہوئے آلوؤں میں انار دانہ سرخ مرچ پسی ہوئی ،ہری مرچ کٹی ہوئی اور نمک ملا دیں پھر انہیں چار برابر حصوں میں تقسیم کر لیں۔آٹے کو تین یا چار کپ پانی میں دھیرے دھیرے ملا کر گوندھ لیں۔
پھر گوندے ہوئے آٹے کو گیلے کپڑے سے ڈھانپ کر پندرہ منٹ کے لئے ایک طرف رکھ دیں آٹے کے چار برابر کے حصے کرلیں اور ان کے پیڑے بنا لیں ان پیڑوں کو گیلے کپڑے سے ڈھانپ کر پانچ منٹ کے لئے ایک طرف رکھ دیں۔ ایک پیڑا لیں اور اسے دباکر چپٹا کرلیں، پھر آلوؤں کا مکسچر اس میں رکھ دیں اور دوبارہ اس کا پیڑا بنالیں۔ کناروں کو اچھی طرح سے دبا دیں تاکہ آلووں کا مکسچر کسی جگہ سے باہر نہ نکل سکے۔ اب ان پیڑوں کو بیل کر ان پر ہلکا سا آٹا خشکی چھڑک دیں اور پھر اسے اس حد تک بیلیں کہ چھ انچ قطر کی روٹی سی بن جائے ۔اس روٹی کو توے پر معتدل آنچ پر تیں منٹ تک گرم کریں۔
پھر پلٹ کر آدھا کھانے کا چمچہ تیل یا مکھن ڈال دیں اس مکھن یا تیل کو پراٹھے پر پھیلا دیں اور ہلکی آنچ پر شیلو فرائی کریں پھر پراٹھے کو پلٹ دیں اور دوبارہ مکھن یا تیل دوسری طرف ڈالیں ہلکی آنچ پر اس وقت تک پکائیں کہ پراٹھا گولڈن براون ہو جائے۔



