
2013 جنسی زیادتی کیس:’پہلے خودسپردگی کرو، پھر اپیل سنیں گے‘، سپریم کورٹ نے ترون تیج پال کو دو ہفتے کی مہلت دی
2013 میں لگا تھا جنسی زیادتی کا الزام
نئی دہلی :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)تہلکہ کے سابق ایڈیٹر ترون تیج پال کی اپیل پر سپریم کورٹ نے فوری سماعت سے انکار کردیا۔ عدالت نے ہدایت دی کہ وہ پہلے خودسپردگی کریں اور اس کا سرٹیفکیٹ عدالت میں جمع کرائیں۔
سپریم کورٹ نے ترون تیج پال کو دو ہفتے کے اندر خودسپردگی کرنے اور 22 ستمبر تک سرنڈر سرٹیفکیٹ جمع کرانے کی ہدایت دی ہے۔ عدالت نے واضح کیا کہ اس کے بعد ہی ان کی اپیل پر سماعت کی جائے گی۔
ترون تیج پال نے بمبئی ہائی کورٹ کے اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ہے، جس میں انہیں 2013 کے جنسی زیادتی کیس میں 10 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ دوسری جانب گوا حکومت نے بھی سپریم کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے سزا میں اضافے کی درخواست کی ہے۔
سماعت کے دوران گوا حکومت کی جانب سے پیش ہوئے سالیسٹر جنرل تشار مہتا اور ترون تیج پال کے وکیل کپل سبل کے درمیان اس معاملے پر بحث ہوئی کہ اپیل کی سماعت سے قبل تیج پال کو خودسپردگی کرنا ضروری ہے یا نہیں۔
تشار مہتا نے مؤقف اختیار کیا کہ ترون تیج پال کی اپیل پر سماعت اسی صورت میں ہوسکتی ہے جب وہ پہلے خودسپردگی کا سرٹیفکیٹ داخل کریں یا خودسپردگی سے استثنیٰ کی درخواست دائر کریں۔
کپل سبل نے اس دلیل کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ بمبئی ہائی کورٹ نے پہلے ہی تیج پال کی سزا پر روک لگا دی تھی، اس لیے انہیں دوبارہ خودسپردگی کرنے کے لیے کہنا مناسب نہیں ہوگا۔
سبل نے کہا کہ اگر سپریم کورٹ یہ سمجھتی ہے کہ تیج پال کو مزید راحت نہیں ملنی چاہیے تو وہ حراست میں جانے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے یہ بھی مؤقف اختیار کیا کہ وہ موجودہ معاملے میں کسی نئی راحت کی توسیع نہیں مانگ رہے، بلکہ چاہتے ہیں کہ اپیل پر سماعت کی جائے۔
بحث کے دوران کپل سبل نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ہائی کورٹ کے نتائج سی سی ٹی وی فوٹیج سے مطابقت نہیں رکھتے اور معاملے میں انصاف ہونا چاہیے۔
ترون تیج پال پر 2013 میں اپنی ایک جونیئر ساتھی کے ساتھ جنسی زیادتی کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ الزام کے مطابق نومبر 2013 میں گوا کے ایک لگژری ہوٹل میں منعقدہ تقریب کے دوران لفٹ میں خاتون کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی تھی۔اس معاملے میں تیج پال کو نومبر 2013 میں گرفتار کیا گیا تھا۔
مئی 2021 میں گوا کی نچلی عدالت نے ترون تیج پال کو تمام الزامات سے بری کر دیا تھا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ ان کے خلاف الزامات ثابت کرنے کے لیے خاطر خواہ ثبوت موجود نہیں ہیں۔
گوا حکومت نے نچلی عدالت کے فیصلے کو بمبئی ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔
6 اگست کو بمبئی ہائی کورٹ کی جسٹس نیلا گوکھلے اور جسٹس امیت جمسندیکر پر مشتمل بنچ نے نچلی عدالت کے فیصلے کو تبدیل کرتے ہوئے ترون تیج پال کو قصوروار قرار دیا اور انہیں 10 سال قید کی سزا سنائی۔
تاہم تیج پال کے وکیل نے ہائی کورٹ سے سزا پر آٹھ ہفتوں کے لیے روک لگانے کی درخواست کی تھی، تاکہ وہ سپریم کورٹ میں فیصلے کو چیلنج کرسکیں۔
اب سپریم کورٹ نے اپیل پر سماعت سے قبل خودسپردگی کی شرط واضح کردی ہے۔ عدالت کی ہدایت کے مطابق ترون تیج پال کو 22 ستمبر تک اپنا سرینڈر سرٹیفکیٹ جمع کرانا ہوگا، جس کے بعد ان کی اپیل پر سماعت آگے بڑھ سکتی ہے۔



