تلنگانہ کی خبریں

تلنگانہ ورکرس کیلئے خوشخبری، اقل ترین تنخواہوں میں اضافہ کا اعلان

تلنگانہ حکومت کے فیصلے سے ریاست کے 1.11 کروڑ ورکرس کو فائدہ ہوگا۔

حیدرآباد 22 مئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) تلنگانہ حکومت نے ورکرس کیلئے بڑی راحت کا اعلان کرتے ہوئے اقل ترین تنخواہوں پر نظرثانی کردی ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی Revanth Reddy نے وزیر لیبر جی ویویک وینکٹ سوامی کے ہمراہ نئی اقل ترین تنخواہوں کی تفصیلات جاری کیں۔

حکومت نے ریاست کے ورکرس کو چار زمروں میں تقسیم کرتے ہوئے نئی تنخواہوں کا تعین کیا ہے۔ ان زمروں میں غیر ہنرمند، جزوی ہنرمند، ہنرمند اور زائد ہنرمند ورکرس شامل ہیں۔ حکومت کے مطابق اس فیصلے سے ریاست کے تقریباً 1.11 کروڑ ورکرس کو فائدہ پہنچے گا جبکہ نئے احکامات پر یکم جون 2026 سے عمل آوری ہوگی۔

چیف منسٹر نے بتایا کہ ریاست کو تین زونس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ زون ایک میں میونسپل کارپوریشن علاقوں، زون دو میں میونسپلٹیز اور زون تین میں دیہی علاقوں کو شامل کیا گیا ہے۔

نظرثانی شدہ تنخواہوں کے مطابق غیر ہنرمند ورکرس کی اقل ترین تنخواہ 12,750 روپئے سے بڑھاکر 16,000 روپئے ماہانہ کردی گئی ہے۔ جزوی ہنرمند ورکرس کی تنخواہ 13,152 روپئے سے بڑھاکر 17,000 روپئے مقرر کی گئی۔ ہنرمند ورکرس کو اب 18,500 روپئے ماہانہ ادا کئے جائیں گے جبکہ زائد ہنرمند ورکرس کی اقل ترین تنخواہ 20,000 روپئے مقرر کی گئی ہے۔

ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد پہلی مرتبہ ورکرس کی بھلائی کیلئے اس نوعیت کا اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے سابق بی آر ایس Bharat Rashtra Samithi حکومت پر ورکرس کی بھلائی کو نظرانداز کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔

چیف منسٹر نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ صرف انفارمیشن ٹکنالوجی یا امریکہ میں ملازمت کے رجحان تک محدود نہ رہیں بلکہ ٹیکنیکل اسکل حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی، جاپان اور سنگاپور جیسے ممالک میں ٹیکنیکل اسکل رکھنے والے نوجوانوں کیلئے روزگار کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت نے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کیلئے اسکل یونیورسٹی قائم کی ہے جبکہ اقل ترین تنخواہوں کے تعین کیلئے قائم کابینی سب کمیٹی کی سفارشات پر عمل کیا جارہا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button