بہرائچ، 17جولائی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)یوپی کے بہرائچ ضلع میں ایک پریمی جوڑا جو شکایت لے کر تھانے پہنچا تھا ، کی پولیس اسٹیشن کے احاطے میں ہی رسومات کے ساتھ شادی کرادی گئی۔ یہ معاملہ ضلع بہرائچ کے بونڈی تھانے کے تحت واقع رانی پوروا گاؤں کا ہے۔ #گاؤں والوں کے مطابق #شاہد علی نامی نوجوان کا پچھلے ایک سال سے گاؤں کی ہی ایک #لڑکی ریشما کے ساتھ معاشقہ چل رہاتھا۔ دونوں ایک ہی #برادری سے تھے؛لیکن پھر بھی ان کے کنبہ کے افراد خاص کر لڑکے کے کنبے #شادی کے لئے تیار نہیں تھے۔
دونوں فریق روزانہ جھگڑا کرتے تھے اور ایک دوسرے کی شکایت لے کر تھانہ پہنچ جایا کرتے تھے۔ گزشتہ جمعہ کے روز لڑکی اپنے عاشق کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لئے پولیس اسٹیشن پہنچی، اور دوسرا فریق لڑکی کے لواحقین کی شکایت لے کر پولیس اسٹیشن پہنچا۔ ایس ایچ او منوج کمار رائے نے دونوں کنبے اور گاؤں کے ذمہ دار افراد کو پولیس اسٹیشن بلایا۔ پولیس افسران نے دونوں کنبوں میں صلح کراکرقاضی عبدالقادر کو بلاکر اس جوڑے کا نکاحِ مسنونہ تھانے میں ہی پڑھا دیا گیا ۔
نکاح تھانے میں ہوا، پولیس اہلکار اس #نکاح کے گواہ بنے۔ایس ایچ او منوج کمار رائے نے بتایا کہ شاہد علی نامی نوجوان کا پچھلے ایک سال سے اسی گاؤں کی لڑکی ریشما کے ساتھ رشتہ تھا، دونوں فریق روزانہ جھگڑتے تھے اور ایک دوسرے کی شکایت لے کر تھانے پہنچ جاتے تھے۔ پریمی لڑکے اور کنبہ والوں کو تھانے بلالیا گیااس دوران تھانہ کے احاطہ میں ہی #پنچایت شروع ہوئی۔ گھنٹوں ردوکد اور بحث و تمحیص کے بعد لڑکا اور اس کے کنبے کے لوگ شادی پر راضی ہوگئے۔



