
لکھنو،23؍اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)اتر پردیش کے شاملی ضلع میں ڈینگو بخار پھیلنے کے بعد ایک ہی خاندان کے تین بچوں کی موت ہوگئی اور کئی دیگر بیمار ہوگئے۔ جھن جھانہ تھانہ علاقہ کے اوڈری گاؤں میں زیبا (9) ، سیف اللہ (4) اور نرگس (6) ڈینگو بخار سے ہلاک ہوگئے۔ انہیں ہریانہ کے ضلع روہتک کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔
یہ تمام اموات گزشتہ تین دنوں کے دوران ہوئی ہیں۔ جھن جھانہ کمیونٹی ہیلتھ سنٹر کے انچارج نوجوت بیدی نے بتایا کہ ایک طبی ٹیم گاؤں میں مصیبت زدہ مریضوں کے علاج کے لیے بھیجی گئی ہے۔ گاؤں میں ڈینگوکی وجہ سے 12 سے زائد افراد کے بیمار ہونے کی اطلاع ہے۔سابق ڈویڑنل سربراہ اسلم نے بتایا کہ انہوں نے گاؤں میں بخار پھیلنے کے بارے میں چیف ڈسٹرکٹ میڈیکل آفیسر کو آگاہ کردیاہے۔



