
وٹامن B12 اور کینسر: کیا وٹامن کی کمی یا زیادتی خطرہ بڑھا سکتی ہے؟ تحقیق میں اہم انکشافات
وٹامن B12 اور کینسر کا تعلق کیوں زیرِ بحث
وٹامن B12 ہمارے جسم کے لیے بہت ضروری ہے۔ یہ ڈی این اے بنانے، اعصاب کو صحت مند رکھنے اور خون کے سرخ خلیات بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ یہ جسم میں چکنائی اور پروٹین سے حاصل ہونے والے اجزا کو استعمال کرنے کے عمل میں بھی مدد دیتا ہے۔
B12 کی کمی خاص طور پر ان لوگوں میں ہو سکتی ہے جو لوگ صرف سبزیوں، پھلوں، دالوں اور اناج پر مشتمل غذا کھاتے ہیں یا جنہیں ایسی بیماریاں لاحق ہوں جن کی وجہ سے جسم خوراک سے وٹامنز اور دیگر غذائی اجزا اچھی طرح جذب نہیں کر پاتا۔
تاہم، حالیہ برسوں میں سائنسدان اس بات پر بھی تحقیق کر رہے ہیں کہ خون میں وٹامن B12 کی بہت کم یا بہت زیادہ مقدار کا کینسر سے کوئی تعلق ہے یا نہیں۔
کچھ تحقیقات میں B12 کی غیر معمولی سطح اور بعض اقسام کے کینسر کے درمیان تعلق ضرور سامنے آیا ہے، لیکن اب تک اس بات کا کوئی حتمی ثبوت نہیں ملا کہ وٹامن B12 خود کینسر کا سبب بنتا ہے۔
وٹامن B12 اور کینسر کا تعلق کیوں دیکھا جا رہا ہے؟
وٹامن B12 جسم کے خلیوں کی نشوونما اور ڈی این اے بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اسی وجہ سے سائنسدان یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ B12 کی کمی یا زیادتی کا کینسر کے ساتھ کوئی تعلق ہے یا نہیں۔
ایک خیال یہ تھا کہ B12 کی کمی سے ڈی این اے کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور اس طرح خلیوں میں ایسی تبدیلیاں پیدا ہو سکتی ہیں جو مستقبل میں کینسر کا خطرہ بڑھا دیں۔
لیکن کچھ تحقیقات میں اس کے برعکس صورتحال بھی سامنے آئی۔ بعض کینسر کے مریضوں کے خون میں B12 کی مقدار معمول سے زیادہ دیکھی گئی۔
اس کا یہ مطلب نہیں کہ زیادہ B12 کینسر پیدا کرتا ہے۔ ممکن ہے کہ کینسر کی بیماری ہی جسم کے اندر B12 کے جذب، ذخیرہ کرنے اور استعمال کے طریقے کو تبدیل کر دے، جس کی وجہ سے خون میں B12 کی مقدار بڑھ جائے۔
اس لیے خون میں B12 کی زیادہ مقدار کا مطلب ہمیشہ یہ نہیں ہوتا کہ کسی شخص نے B12 زیادہ استعمال کیا ہے۔
جسم میں B12 کہاں سے آ رہا ہے، کتنا جذب ہو رہا ہے، کہاں ذخیرہ ہو رہا ہے اور جسم اسے کس طرح استعمال کر رہا ہے، یہ تمام عوامل خون میں اس وٹامن کی مقدار پر اثر انداز ہوتے ہیں۔
جگر جسم میں B12 کی بڑی مقدار ذخیرہ کرتا ہے۔ خون میں موجود کچھ پروٹین B12 کو جسم کے مختلف حصوں تک پہنچانے کا کام کرتے ہیں۔ بعض بیماریاں، خاص طور پر کینسر اور جگر کی بیماریاں، اس پورے نظام کو متاثر کر سکتی ہیں۔
اسی وجہ سے خون میں B12 کی زیادہ مقدار بعض اوقات کسی دوسری بیماری کی علامت بھی ہو سکتی ہے، نہ کہ بیماری کی وجہ۔
بڑی آنت کے کینسر میں کیا دیکھا گیا؟
ایک حالیہ تحقیق میں بڑی آنت کے کینسر میں مبتلا 37 ہزار سے زیادہ افراد کے خون میں B12 کی سطح کا جائزہ لیا گیا۔
محققین نے دیکھا کہ جن مریضوں کے خون میں B12 کی مقدار زیادہ تھی، ان میں بیماری کے زیادہ پھیلنے کے امکانات بھی زیادہ تھے اور ان کے علاج اور بقا کے نتائج بھی نسبتاً کم اچھے تھے۔
ایسے مریضوں میں تشخیص کے وقت کینسر کے بڑی آنت سے باہر پھیلنے، خاص طور پر جگر سمیت جسم کے دوسرے حصوں تک پہنچنے کے امکانات بھی زیادہ دیکھے گئے۔
محققین نے بڑی آنت کے کینسر کے خلیوں کے نمونوں کا بھی جائزہ لیا۔ ان میں MTR نامی ایک جین کی سرگرمی زیادہ دیکھی گئی۔ یہ جین جسم میں ایسے عمل کا حصہ ہے جس میں B12 کا اہم کردار ہوتا ہے۔جن مریضوں کے کینسر میں اس جین کی سرگرمی زیادہ تھی، ان کی حالت اور علاج کے نتائج بھی نسبتاً خراب تھے۔
لیکن یہاں ایک اہم بات سمجھنا ضروری ہے۔اس تحقیق سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ خون میں B12 کی زیادہ مقدار کینسر کو بڑھاتی ہے یا B12 کی گولیاں کھانے سے ٹیومر بڑھنے لگتے ہیں۔
تحقیق صرف یہ بتاتی ہے کہ B12 کے جسم میں کام کرنے کے طریقے اور کینسر کے درمیان ایک تعلق ہو سکتا ہے۔ اس تعلق کی اصل وجہ ابھی پوری طرح واضح نہیں ہے۔
کیا B12 کی کمی بھی کینسر سے منسلک ہو سکتی ہے؟
حیرت کی بات یہ ہے کہ کچھ تحقیقات میں B12 کی بہت کم اور بہت زیادہ مقدار، دونوں کو بعض صورتوں میں کینسر کے زیادہ خطرے سے جوڑا گیا ہے۔
2024 میں شائع ہونے والی ایک مشاہداتی تحقیق میں کینسر کے مریضوں اور ایسے افراد کا جائزہ لیا گیا جنہیں کینسر نہیں تھا۔
تحقیق میں خوراک کے ذریعے B12 لینے اور کینسر کے خطرے کے درمیان ایک U-shaped تعلق دیکھا گیا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ درمیانی مقدار کے مقابلے میں B12 کی بہت کم اور بہت زیادہ مقدار، دونوں کو کینسر کے نسبتاً زیادہ خطرے سے جوڑا گیا۔
اس تحقیق میں لوگوں سے ان کی خوراک کے بارے میں معلومات حاصل کی گئی تھیں، اس لیے یہ ممکن ہے کہ کچھ افراد کو اپنی خوراک کی صحیح مقدار یاد نہ رہی ہو۔
اس کے علاوہ اس طرح کی تحقیق صرف یہ بتا سکتی ہے کہ دو چیزوں کے درمیان تعلق موجود ہے۔ یہ ثابت نہیں کر سکتی کہ B12 کی کمی یا زیادتی ہی کینسر کی وجہ بنی۔
اسی لیے فی الحال یہ کہنا درست نہیں ہوگا کہ B12 زیادہ استعمال کرنے یا کم کرنے سے کینسر سے بچا جا سکتا ہے۔
خون میں B12 زیادہ یا کم ہو تو کیا کریں؟
خون میں B12 کی مقدار زیادہ یا کم آنے کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں۔ اس کا تعلق صرف خوراک یا B12 سپلیمنٹس سے نہیں ہوتا۔
جسم میں موجود بعض بیماریاں بھی خون میں B12 کی مقدار کو متاثر کر سکتی ہیں۔اس لیے اگر خون کے ٹیسٹ میں B12 کی مقدار معمول سے بہت زیادہ یا بہت کم آتی ہے تو اس کی وجہ جاننے کے لیے ڈاکٹر سے مشورہ کرنا چاہیے۔
صرف اس خوف سے کہ B12 کا کینسر سے تعلق ہو سکتا ہے، خود سے B12 کی دوا یا سپلیمنٹ بند نہیں کرنا چاہیے۔ اسی طرح ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر B12 کی مقدار بھی نہیں بڑھانی چاہیے۔



