عاشق کے ساتھ مل کر بیوی نے شوہر کے قتل کی سُپاری دی، دو کروڑ کی بیمہ رقم کیلئے رچی گئی سازش
بھارتی کے اسی گاؤں کے سریندر نامی شخص کے ساتھ ناجائز تعلقات تھے۔
منچریال 27 مئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)تلنگانہ کے ضلع منچریال میں دو کروڑ روپے کی بیمہ رقم حاصل کرنے کیلئے ایک خاتون نے اپنے عاشق کے ساتھ مل کر شوہر کے قتل کی سُپاری دینے کا سنسنی خیز معاملہ سامنے آیا ہے۔ پولیس نے اس قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے تین ملزمین کو گرفتار کرلیا جبکہ ایک اہم ملزم ابھی مفرور بتایا جارہا ہے۔
پولیس کے مطابق حاجی پور منڈل کے گڈی پیٹ گاؤں سے تعلق رکھنے والے 45 سالہ سینی کمار 22 مئی کو بائیک پر منچیریال جارہے تھے۔ اسی دوران انہیں شدید زخمی حالت میں پایا گیا۔ مقامی افراد نے انہیں 108 ایمبولینس کے ذریعے کریم نگر منتقل کرنے کی کوشش کی لیکن راستے میں ہی ان کی موت ہوگئی۔
ابتدائی طور پر اس واقعہ کو سڑک حادثہ سمجھا گیا، تاہم متوفی کی والدہ لکشمی کی شکایت کے بعد پولیس نے معاملے کی گہرائی سے جانچ شروع کی۔ تحقیقات کے دوران کئی حیران کن حقائق سامنے آئے۔
پولیس جانچ میں پتہ چلا کہ متوفی کی بیوی بھارتی کے اسی گاؤں کے سریندر نامی شخص کے ساتھ ناجائز تعلقات تھے۔ دونوں نے محسوس کیا کہ سینی کمار ان کے راستے کی سب سے بڑی رکاوٹ ہیں، جس کے بعد انہیں قتل کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی۔
تحقیقات کے مطابق جنوری 2025 سے سینی کمار کے نام پر ایل آئی سی سمیت کئی بیمہ پالیسیاں لی گئی تھیں اور ان کے پریمیم باقاعدگی سے ادا کیے جارہے تھے۔ منصوبہ یہ تھا کہ اگر سینی کمار کی موت سڑک حادثے میں ہوجائے تو تقریباً دو کروڑ روپے کی بیمہ رقم حاصل کی جاسکے۔
پولیس کے مطابق اس قتل کی سازش میں گاؤں کے رام ملیش کو شامل کیا گیا اور شوہر کو قتل کرنے کے عوض دس لاکھ روپے دینے کا وعدہ کیا گیا۔ جانچ میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ دو لاکھ روپے بطور ایڈوانس ادا کیے گئے تھے۔
بعد ازاں رام ملیش نے منچیریال ایل آئی سی کالونی کے رہنے والے سری رام کے ساتھ مل کر قتل کی پوری منصوبہ بندی تیار کی۔ طے شدہ منصوبے کے مطابق 22 مئی کو سینی کمار کو زیادہ شراب پلائی گئی اور بعد میں ان کے سر پر لوہے کے ہتھوڑے سے حملہ کرکے قتل کردیا گیا۔
قتل کے بعد ملزمین نے نعش اور دو پہیہ گاڑی کو سڑک کنارے پھینک دیا تاکہ معاملہ سڑک حادثہ معلوم ہو اور کسی کو شک نہ ہو۔
پولیس کو بھارتی کے رویے اور سریندر کے ساتھ اس کے تعلقات پر شبہ ہوا، جس کے بعد منچیریال اے سی پی پرکاش کی نگرانی میں سی آئی رویندر نے تفصیلی تحقیقات انجام دیں اور پورے قتل معمہ کو بے نقاب کردیا۔
پولیس نے اس معاملے میں بھارتی، سریندر اور سری رام کو گرفتار کرکے ریمانڈ پر بھیج دیا ہے جبکہ مرکزی ملزم رام ملیش ابھی فرار ہے۔ پولیس نے ملزمین کے قبضے سے بیمہ دستاویزات اور 25 ہزار روپے نقد بھی برآمد کیے ہیں۔



