ماں کی آنکھوں کے سامنے 26 سالہ باڈی بلڈر سشیل کمار کا دیہانت، جم سے واپسی پر اچانک گر پڑا نوجوان
فٹنس کی دنیا کو صدمہ، ماں کے سامنے دم توڑ گیا نوجوان
بنگلورو 18/جون:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)کرناٹک کے کیٹی جمبن نگر علاقے میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں 26 سالہ نوجوان باڈی بلڈر سشیل کمار اچانک دل کا دورہ پڑنے سے دیہانت ہو گیا۔ ان کی موت کے بعد علاقے میں غم کی لہر دوڑ گئی۔
سشیل کمار ریاستی اور قومی سطح کی متعدد باڈی بلڈنگ مقابلوں میں کامیابی حاصل کر چکے تھے اور کئی اعزازات اپنے نام کر چکے تھے۔ اطلاعات کے مطابق وہ بین الاقوامی سطح کے مقابلوں کی تیاری بھی کر رہے تھے۔
منگل کی رات تقریباً ساڑھے آٹھ بجے جم میں ورزش مکمل کرنے کے بعد سشیل کمار گھر پہنچے۔ کچھ دیر بعد انہوں نے اہل خانہ کو بتایا کہ انہیں چکر آ رہے ہیں، جس کے فوراً بعد وہ اچانک زمین پر گر پڑے۔ گھر والے انہیں فوری طور پر اسپتال لے گئے، تاہم راستے میں ہی ان کی موت ہو گئی۔
ڈاکٹروں کے ابتدائی اندازے کے مطابق کم بلڈ پریشر کے باعث انہیں دل کا دورہ پڑا، تاہم موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی واضح ہو سکے گی۔
سشیل کمار روزانہ درجنوں نوجوانوں کو فٹنس کی تربیت دیتے تھے اور مقامی سطح پر ایک معروف ٹرینر کے طور پر پہچانے جاتے تھے۔ ان کی اچانک موت نے فٹنس حلقوں اور مقامی افراد کو شدید صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔
سشیل کمار کی والدہ دیو امّاں، جو ضلع اسپتال میں گروپ ڈی ملازمہ ہیں، بیٹے کی موت پر شدید غم میں مبتلا ہیں۔ ان کے رقت آمیز مناظر نے وہاں موجود افراد کو بھی آبدیدہ کر دیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ برسوں میں نوجوانوں خصوصاً جم جانے والوں میں دل کے امراض کے واقعات بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے متوازن غذا، باقاعدہ طبی معائنہ، مناسب آرام اور اعتدال کے ساتھ ورزش کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔



