
نائیجیریا کے صدر بولا ٹینوبو کی خانہ کعبہ میں حاضری، تاریخی روحانی اعزاز قرار دیا
مکہ مکرمہ، 2 نومبر (اردو دنیا نیوز/ایجنسیز) نائیجیریا کے صدر بولا احمد ٹینوبو نے عمرہ کی ادائیگی کے دوران مسجد الحرام میں خانہ کعبہ کے اندر داخل ہونے کا شرف حاصل کیا۔ انہوں نے اس موقع کو اپنی زندگی کا ایک غیر معمولی اور یادگار روحانی تجربہ قرار دیتے ہوئے سعودی عرب کی قیادت سے اظہار تشکر کیا۔
نائیجیریا کی صدارتی حکومت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر ٹینوبو پیر 2 نومبر کو خانہ کعبہ میں داخل ہوئے۔ اس موقع پر ان کے وفد کے ارکان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں صدر ٹینوبو کو خانہ کعبہ کے اندر داخل ہوتے اور بعد ازاں مسجد الحرام میں حجر اسود کو بوسہ دیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
صدر بولا ٹینوبو نائیجیریا کے دوسرے صدر ہیں جنہیں خانہ کعبہ کے اندر داخل ہونے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ اس سے قبل سابق صدر محمدو بخاری نے فروری 2016 میں سعودی عرب کے سرکاری دورے کے دوران خانہ کعبہ کے اندر حاضری دی تھی۔
صدر ٹینوبو نے اس خصوصی اعزاز پر سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ خانہ کعبہ کے اندر حاضری ان کے لیے انتہائی قابل قدر اور ناقابل فراموش لمحہ ہے۔ انہوں نے خاص طور پر خانہ کعبہ کے غلاف کے سبز، سفید اور سبز رنگوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ رنگ انہیں نائیجیریا کے قومی پرچم کی یاد دلاتے ہیں۔
نائیجیریا کے صدر نے خانہ کعبہ کے اندر اپنی دعاؤں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے حکمت، حوصلے اور استقامت کی دعا کی تاکہ وہ نائیجیریا کے عوام کی بہتر انداز میں خدمت جاری رکھ سکیں۔
انہوں نے بتایا کہ 2023 کے صدارتی انتخابات سے قبل بھی انہوں نے عمرہ ادا کیا تھا اور اللہ تعالیٰ سے کامیابی اور برکت کی دعا مانگی تھی۔ اس وقت انہوں نے وعدہ کیا تھا کہ اگر انہیں کامیابی ملی تو وہ دوبارہ حاضری دے کر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کریں گے۔
صدر ٹینوبو نے اپنے بیان میں قرآن مجید کی سورۃ آل عمران کی آیت 26 کا حوالہ بھی دیا، جس میں اللہ تعالیٰ کی جانب سے جسے چاہے اقتدار عطا کرنے اور جس سے چاہے اقتدار واپس لینے کا ذکر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اقتدار اور اختیار درحقیقت اللہ تعالیٰ کی عطا ہیں اور ان کا استعمال ذمہ داری کے ساتھ ہونا چاہیے۔
انہوں نے اپنے صدر اور کمانڈر انچیف منتخب ہونے کو اللہ تعالیٰ کا فضل قرار دیتے ہوئے اس موقع پر ملک کی قیادت کی ذمہ داری ملنے پر شکر ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس روحانی تجربے نے نائیجیریا کی ترقی، خوشحالی اور عوام کی بہتر خدمت کے عزم کو مزید مضبوط کیا ہے۔
صدر ٹینوبو نے کہا کہ وہ نائیجیریا کو خوشحالی کی راہ پر آگے لے جانے اور ملک کی مکمل ترقی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ اپنے ضمیر کے مطابق فیصلے کریں اور ایسی پالیسیاں اختیار کریں جو ملک کے عوام کے بہتر مستقبل کی ضمانت بن سکیں۔
واضح رہے کہ 29 مئی 2023 کو عہدہ صدارت سنبھالنے کے بعد صدر ٹینوبو کا یہ دوسرا عمرہ ہے۔ اس سے قبل انہوں نے نومبر 2023 میں ریاض میں سعودی افریقہ سربراہی اجلاس میں شرکت کے بعد عمرہ ادا کیا تھا۔ وہ 29 اکتوبر کو ابوجا سے سعودی عرب روانہ ہوئے تھے اور 30 اکتوبر کو مسجد الحرام میں عمرہ کی ادائیگی کی تھی۔



