مہر کی ادائیگی بیوی کا اہم ترین حق
نکاح میں مہر کی حیثیت فرض کی ہے۔ شریعت نے مہر کو عورت کا لازمی حق قرار دے کر ازدواجی زندگی کی اہمیت، قدروقیمت کو بڑھا کر یہ احساس دلایا ہے کہ نکاح یہ ایک سنجیدہ و لازمی عمل ہے
بیوی کا پہلا حق مہر:مہر وہ مال ہے جو بیوی کا اپنے خاوند پر حق ہے جوعقد نکاح یا پھر دخول کی وجہ سے لازم ہوجاتا ہے ،مہر کی مشروعیت دراصل عورت کی عزت و تکریم اوراس کے لیے اعزاز ہے ۔چنانچہ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:اﷲ نے تم پر یہ فرض کیا ہے ، اور ان کے سوا تمام عورتیں تمہارے لئے حلال ہیں ؛ بشرطیکہ تم ( انھیں ) اپنے مال کے ذریعہ نکاح میں لاتے ہوئے حاصل کرو ،
(۲)نہ کہ بدکاری کرو ، پھر تم ان ( بیویوں ) میں سے جس سے نفع اُٹھاؤ ،
(۳)تو ان کو ان کا طے شدہ مہر دے دو اور تم پر اس میں کچھ گناہ نہیں کہ مہر طے ہونے کے بعد تم آپس میں ( مہر میں اضافہ یا کمی کی ) کسی بات پر رضامند ہوجاؤ ،
(۴) بے شک اﷲ علم والے اور حکمت والے ہیں ۔ (سورۃ النساء:٢٤)
نکاح میں مہر کی حیثیت فرض کی ہے۔ شریعت نے مہر کو عورت کا لازمی حق قرار دے کر ازدواجی زندگی کی اہمیت، قدروقیمت کو بڑھا کر یہ احساس دلایا ہے کہ نکاح یہ ایک سنجیدہ و لازمی عمل ہے۔اللہ تعالیٰ کاارشادہے: بیویوں کو خوش دلی کے ساتھ ان کا مہر ادا کردو ، پھر اگر وہ خوش دلی سے اپنے مہر میں سے کچھ تمہارے لئے چھوڑ دیں ، تو اس کو ہنسی خوشی کھاسکتے ہو ۔(سورۃ النساء:٤)
حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے ’نحلہ‘ کا ترجمہ ’ فریضہ ‘ سے کیا ہے۔ (دیکھئے ، تفسیر ابن کثیر : ۱؍۴۲۷ ،) اس لئے مہر کا مقرر کرنا اور اس کا ادا کرنا واجب ہے۔اگر کوئی شخص مہر نہ دینے کی شرط پر نکاح کرلے ، تب بھی عورت کا خاندانی مہر ( مہر مثل) واجب ہوگا اور امام مالک کے یہاں تو ایسی صورت میں نکاح ہی منعقد نہیں ہوگا ۔
مہرمثل سے مراد یہ ہے کہ عورت کے آبائی خاندان میں اس جیسی لڑکی کا جتنا مہر ہوتا ہے اتنا اس کا بھی ہوگا۔نیزآبائی خاندان کےلڑکیوں کا شوہراوراس شوہرمیں قابل ذکرمناسبت بھی ہو۔(مجموعہ قوانین اسلامی:دفعہ:١٤١)
مہر کی تعیین:مہرکی تعیین لڑکا اورلڑکی دونوں کی حالت کے لحاظ سے ہونی چاہئے نہ بہت زیادہ ہو کہ لڑکے ادا نہ کرسکے اور وہ معاف کروانے پر مجبورہواور اتنا کم بھی نہ ہو کہ خود اس کے نزدیک اس کی کوئی اہمیت نہ ہو۔یا لڑکی لحاظ سے وہ بہت کم ہو۔حضرت عمر بن الخطاب رضی اللہ عنہ نے فرمایا لوگو!سنو عورتوں کے مہر کو ذیادہ نہ رکھو کیونکہ یہ اگر دنیا میں عزت کی بات ہوتی تو تم سب میں سے ذیادہ مستحق اللہ کے نبی ہوتے اور مہر ذیادہ رکھتے۔,میں نہیں جانتا کہ اللہ کے نبی نے اپنی ازواج میں سے کسی سے نکاح کیا ہوا یا اپنی بیٹی کا نکاح ١٢/اوقیہ چاندی سے زیادہ پر کیا ہو۔(سنن ترمذی:١١١٤)
مطلب یہ ہے کہ مہر کو مرد کی حیثیت کے مطابق ہونا چاہئے۔ محض نام ونمود کے لئے بڑی بڑی رقمیں طے کرلی جاتی ہیں۔ اگر یہ نقد ادا کردی جائے تو افضل ہے اور اگرادھار ہے اور نیت دینے کی نہ ہوتو دونوں صورتوں میں وہ گنہگار ہوگا۔ چنانچہ روایت میں آتا ہے کہ ”جس نے کسی عورت سے نکاح کیا اور نیت یہ رکھی کہ وہ مہر نہیں دے گا تووہ زانی مرے گا“ کنزالعمال:٤٤۷٢۸)مندرجہ بالا باتوں سے شریعت میں مہر کی اہمیت، حیثیت اور ضرورت کا اندازہ ہوجاتا ہے۔ عدم ادائیگی کی صورت میں انجام بھی معلوم ہوجاتا ہے۔
مسنون مہر: مہر ام سلمیٰ رضی اللہ عنہا:حضرت ام سلمیٰ رضی اللہ عنہا کا مہر ۱۰؍ درہم کا کوئی سامان تھا۔ اس لئے دس درہم یااس کی قیمت کم سے کم مہر ہے،اور۱۰/درہم کا وزن۲/تولہ ساڑھے سات ماشہ چاندی ہے، اور موجودہ وزن کےاعتبارسے اُس کی مقدار ۳۰ گرام۶۱۸/ملی گرام چاندی ہوتی ہے ۔یہ مہر معاشی اعتبار سے کمزورطبقہ کے لئے مسنون ہے۔
مہرِفاطمی:آپؐ کی صاحبزادیوں اور اَکثر اَزواجِ مطہرات رضی اﷲ عنہن کی مہریں پانچ سو درہم تھیں، جس کی مقدار ڈیڑھ کلو ۳۰؍گرام ۹۰۰؍ملی گرام چاندی ہے۔یہ مہر معاشی اعتبارسے متوسط طبقہ کے لئے مسنون ہے۔
مہرِ ام حبیبہ: حضرت ام حبیبہ رضی اﷲ عنہا کا مہر چار ہزار درہم یاچارسودینارتھا، جسے نجاشی بادشاہ نے اپنی طرف سے ادا کیا تھا، اس کی مقدار ۱۲؍کلو ۲۴۴؍گرام ۹۴۴؍ملی گرام چاندی ہے۔یہ مہر مالدارترین لوگوں یعنی کروڑپتیوں کے لئےمسنون ہے۔ اوران لوگوں کے لئےبھی جو جہیز کی ڈمانڈ کرتے ہیں۔ یانقدروپئے لیتے ہیں۔تو ایسے لوگوں کے لئے مہر ام حبیبہ متعین کردیاجائے۔
مہر ِامِ کلثوم: حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا اورحضرت علی رضی اللہ عنہ کی بیٹی ام کلثوم سے نکاح کیااورچالیس ہزاردرہم مہر متعین کیا۔ جو مہر فاطمی سے اسی گنازیادہ اورمہر ام حبیبہ سے دس گنا زیادہ ہوتاہے،جو تقریباایک سو بیالیس کلوچار سو بہتر گرام 122.472چاندی ہوتاہے۔یہ مہربادشاہ، صدرملک، وزیراعظم وزیراعلیٰ گورنراور ارب پتی و کھرب پتیوں کے لئے مسنون ہے۔
مہر کی کم سے کم مقدار: مہر کی کم سے کم مقدار حنفیہ کے نزدیک دس درہم ہے ، ( بدائع الصنائع : ۲؍۵۶۱ )کیوں کہ حضرت ام سلمیٰ رضی اللہ عنہا کا مہر دس درہم کے برابر تھا، اوراس سے کم آپ ﷺ کی کسی بیوی یا بیٹی کا مہر مقررنہیں کیا گیا ہے۔اگر کسی شخص نے دس درہم سے بھی کم مہر مقرر کیا ، تو اس کا اعتبار نہیں ، ایسی صورت میں بھی کم سے کم دس درہم کے بقدر مہر واجب ہوگا ، (درمختار : ۴؍ ۱۶۹) کیوںکہ رسولؐ اﷲ کا ارشاد ہے کہ مہر دس درہم سے کم نہیں ہونا چاہئے ۔ ( سنن بیہقی : ۷؍۳۹۲ ، حدیث نمبر : ۱۴۳۸۲ )۔
مہر کی زیادہ سے زیادہ مقدار:علماء کرام کااس پر اتفاق ہے کہ زیادہ سے زیادہ مہر کی کوئی مقدار متعین نہیں ؛ کیوںکہ قرآن مجید میں ہے:اگر تم ایک بیوی کی جگہ دوسری بیوی لانا چاہو اور تم ان میں سے ایک کو ڈھیر سارا مال دے چکے ہوتب بھی اس میں سے کچھ واپس نہ لو ، کیا تم بہتان رکھ کر اور کھلا ہوا گناہ کرکے اسے واپس لے لینا چاہتے ہو ؟ (سورۃالنساء:٢۰)
آپ ﷺ نے اپنی ایک بیوی یعنی ام سلمیٰ رضی اللہ کا مہر دس درہم کے برابر بھی مقررفرمایا اور ایک دوسری بیوی یعنی حضرت ام حبیبہ رضی اللہ عنہا مہر چارہزاردرہم بھی مقررہوا۔تاہم آپ کی ازواج مطہرات اوراپنی بیٹیوں کا مہر عام طورپر پانچ سو درہم تھا۔ (مسلم عن ابی سلمہ ص ، حدیث نمبر : ۱۴۲۶ ) اسی طرح راجح یہی ہے کہ حضرت فاطمہ رضی اﷲ عنہا کا مہر بھی پانچ سو درہم ہی تھا ، (موسوعۃ حیاۃ الصحابیات : ص : ۶۲۴ ، محمد سعید مبیض )
مشکوٰۃ شریف میں حضرت عمر رضی اللہ عنہ کی ایک روایت سے معلوم ہوتا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ساڑھے بارہ اَوقیہ (تقریباً ۵۰۰؍ درہم) سے زیادہ مہر پر نہ خود نکاح کیا اور نہ اپنی صاحبزادیوں کا کرایا۔ (مظاہر حق / کتاب النکاح ۳؍۱۵۶،سنن أبي داؤد ۱؍۲۸۷ رقم: ۲۱۰۶، سنن الترمذي ۱؍۲۱۱ رقم: ۱۱۱۴، سنن ابن ماجۃ ۱؍۱۳۷ رقم: ۱۸۸۷، مشکاۃ المصابیح ۲۷۷)
لیکن جب اﷲ تعالیٰ نے صحابہؓ کو فراخی عطا فرمائی اور معاشی حالات بہتر ہوئے تو انھوں نےبھی زیادہ مہر مقرر کئے ۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے چار ہزاردینار یا چالیس ہزار درہم پر حضرت ام کلثوم سے نکاح کیا، اوران کے صاحبزادے حضرت عبداﷲ بن عمرؓ کے بارے میں منقول ہے کہ وہ اپنی صاحب زادیوں کا مہر ایک ہزار دینار رکھتے تھے ۔
مہرکی ادائیگی:نکاح کے وقت جو مہر طے کیاگیاہو اس کی ادائیگی مرد پر لازمی ہے۔ اس کو نکاح کے وقت ہی ادا کردینا چاہئے۔ اس کو شریعت کی اصطلاح میں ”معجل“ (عجلت سے) کہتے ہیں یعنی فوراً ادا کردیں۔ اور اگر مرد اس پوزیشن میں نہیں ہے کہ فوری ادا کرے تو پھر یہ بات طے کرلی جائے کہ وہ کب، کیسے اور کس طرح ادا کرے گا۔ اس کو شریعت کی اصطلاح میں موجّل (ادھار) کہتے ہیں۔
مہر کی معافی:اگر عورت خوشدلی سے مہر معاف کردے تومرد کے ذمہ سے مہر کی ادائیگی ساقط ہوجائے گی، البتہ اگروہ شرم کی وجہ سے یا شوہر کے رعب ودبدبہ یا رسم ورواج کی وجہ سے معاف کردے تو معافی نہیں ہوگی۔ ادا کرنا ضروری ہے۔اگرمہر ادا نہیں کیا گیا اور بیوی کا انتقال ہوگیا تو بیوی کے وارثین اس مہر کے مستحق ہوں گے۔اگرمہر ادا نہیں کیا گیا اورشوہر کا انتقال ہوگیا تو اس کے چھوڑے ہوئے مال میں سے پہلے حق مہر کو ادا کیاجائے گا۔



