قومی خبریں

بھارت اور مالدووا کے درمیان توانائی، زراعت اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

نئی دہلی، 11 نومبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) بھارت اور مشرقی یورپی ملک مالدووا نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور توانائی، زراعت، رابطہ کاری سمیت مختلف اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان بدھ کو نئی دہلی میں تیسرے فارن آفس کنسلٹیشن (ایف او سی) اجلاس کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کے علاوہ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزارت خارجہ کے مطابق بھارتی وفد کی قیادت سکریٹری (مغرب) اور سفیر سبی جارج نے کی، جبکہ مالدووا کے وفد کی سربراہی وہاں کی وزارت خارجہ کی اسٹیٹ سکریٹری کورینا کلاگارو نے انجام دی۔ اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان سیاسی روابط، تجارت، معیشت، تعلیم، ثقافت، قونصلر امور اور عوامی سطح پر تبادلوں سمیت دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔

مذاکرات کے دوران دونوں فریقوں نے توانائی، زراعت، رابطہ کاری اور صلاحیت سازی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس کے علاوہ علاقائی اور عالمی صورتحال کے حوالے سے بھی اپنے خیالات کا تبادلہ کیا گیا اور کثیرالجہتی بین الاقوامی فورمز پر باہمی تعاون کے امکانات پر گفتگو ہوئی۔

وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بھارت اور مالدووا کے درمیان دوستانہ اور خوشگوار تعلقات قائم ہیں۔ جولائی 2026 میں صدر دروپدی مرمو کے مالدووا کے تاریخی دورے نے دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی توانائی فراہم کی ہے۔ یہ کسی بھارتی صدر کا مالدووا کا پہلا دورہ تھا، جسے دونوں ملکوں کے سفارتی روابط کے حوالے سے اہم قرار دیا گیا۔

بیان کے مطابق دونوں ممالک نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ فارن آفس کنسلٹیشن کا اگلا اجلاس باہمی رضامندی سے طے شدہ تاریخ پر مالدووا کے دارالحکومت چیسیوناؤ میں منعقد کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ صدر دروپدی مرمو نے جولائی میں اپنے تاریخی سرکاری دورے کے دوران مالدووا میں مقیم ہندوستانی برادری، بالخصوص طلبہ کی خدمات کو سراہا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہاں موجود ہندوستانی برادری دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور باہمی روابط کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

اس دورے کے دوران مالدووا کی صدر مایا ساندو نے دارالحکومت چیسیوناؤ میں صدر دروپدی مرمو کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا تھا۔ بعد ازاں بھارتی صدر اپنے دورے کے اگلے مرحلے میں شمالی مقدونیہ روانہ ہوگئی تھیں۔

صدر مایا ساندو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں دروپدی مرمو کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہے اور مالدووا کے لیے ایک قابل قدر دوست ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان ایسی شراکت داری قائم کرنے کے عزم کا اظہار کیا جو عوام کے لیے حقیقی فوائد کا باعث بنے۔

مایا ساندو نے عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتحال کے تناظر میں بھارت اور مالدووا کے تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ دونوں ممالک آزادی، انسانی وقار اور عوامی فلاح و بہبود جیسی مشترکہ جمہوری اقدار سے وابستہ ہیں۔

صدر دروپدی مرمو کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مایا ساندو نے کہا تھا کہ مالدووا تعاون اور قابل اعتماد شراکت داری کو ترجیح دیتا ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ مشترکہ جمہوری اقدار کی بنیاد پر دونوں ممالک اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنا سکتے ہیں۔

اردو دنیا نیوز — ہر خبر آپ کے ساتھ!

تازہ خبروں اور خصوصی ویڈیوز کے لیے ہمارے واٹس ایپ گروپ، یوٹیوب چینل اور موبائل ایپ سے جڑیں

متعلقہ خبریں

Back to top button