قومی خبریں

تمل ناڈو حکومت نے گائے ذبیحہ پر پابندی کے مدراس ہائی کورٹ کے حکم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا

ریاستی حکومت کا مؤقف، 1958 کے قانون میں مکمل پابندی نہیں، صرف مخصوص شرائط کے تحت ذبیحہ کی اجازت دی گئی ہے۔

نئی دہلی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) تمل ناڈو حکومت نے مدراس ہائی کورٹ کے اس حکم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے، جس میں ریاست بھر میں گائے اور بچھڑوں کے ذبیحہ پر فوری طور پر پابندی نافذ کرنے اور 1976 کے سرکاری حکم نامے پر عمل درآمد کی ہدایت دی گئی تھی۔

حکومت کی جانب سے داخل کی گئی خصوصی اجازت عرضی (SLP) میں کہا گیا ہے کہ مدراس ہائی کورٹ کا حکم ریاست میں مروجہ قوانین کے دائرے سے آگے بڑھ کر دیا گیا ہے۔ تمل ناڈو حکومت کے مطابق، تمل ناڈو اینیمل پریزرویشن ایکٹ 1958 مکمل پابندی عائد نہیں کرتا بلکہ مخصوص شرائط کے تحت مویشیوں کے ذبیحہ کی اجازت دیتا ہے۔

ریاستی حکومت نے اپنی درخواست میں پریوینشن آف کروئلٹی ٹو اینیملز ایکٹ 1960، سلاٹر ہاؤس رولز 2001، تمل ناڈو اربن لوکل باڈیز ایکٹ 1998 اور تمل ناڈو اربن لوکل باڈیز رولز 2023 کا بھی حوالہ دیا ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ اصل عرضی میں صرف یہ مطالبہ کیا گیا تھا کہ جانوروں کا ذبیحہ صرف نامزد سلاٹر ہاؤسز میں ہو، لیکن مدراس ہائی کورٹ نے اس سے آگے بڑھتے ہوئے پورے تمل ناڈو میں گائے اور بچھڑوں کے ذبیحہ پر مکمل پابندی کا حکم دے دیا۔

یہ حکم جسٹس جی آر سوامی ناتھن اور جسٹس وی لکشمی نارائنن کی تعطیلاتی بنچ نے ایک مفاد عامہ کی درخواست (PIL) پر دیا تھا، جو اندو مکل کچی کے یوتھ ونگ سکریٹری کے سوریا پرشانت نے دائر کی تھی۔

مدراس ہائی کورٹ نے آئین کے آرٹیکل 48 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ گائے، بچھڑوں اور دودھ دینے یا کھیتی میں استعمال ہونے والے مویشیوں کے ذبیحہ پر پابندی لگانے کے لیے اقدامات کرے۔

عدالت نے 1976 کے سرکاری حکم نامے کو بھی قانونی حیثیت دیتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت کی جانب سے جاری کیا گیا گائے ذبیحہ پر پابندی کا حکم نافذ العمل ہے اور اس پر سختی سے عمل ہونا چاہیے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button