بین الاقوامی خبریںسرورق

ایکس کا نیا فیچر، لائیک بٹن دبا کر تخلیق کاروں کو بھیج سکیں گے ایک ڈالر

واشنگٹن، 26 اکتوبر (اردو دنیا نیوز/ایجنسیز) سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر مواد تخلیق کرنے والوں کی مالی مدد کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس سہولت کے ذریعے صارفین لائیک بٹن کو کچھ دیر تک دبا کر اپنے پسندیدہ تخلیق کاروں کو ایک ڈالر بطور ٹپ بھیج سکیں گے۔ ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک نے اس نئے فیچر کے بارے میں اطلاع دی ہے۔

دی نیوز انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق، مجوزہ سہولت ایکس کی مالیاتی سروس ایکس منی (X Money) کے ذریعے فراہم کی جائے گی۔ اس کا مقصد صارفین کے لیے مواد تخلیق کرنے والوں کی مالی معاونت کو آسان بنانا ہے، تاکہ انہیں ٹپ دینے کے لیے کسی دوسرے ادائیگی کے پلیٹ فارم پر جانے کی ضرورت نہ پڑے۔

یہ اقدام ایلون مسک کے اس منصوبے کا حصہ سمجھا جا رہا ہے جس کے تحت ایکس کو محض سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے بجائے مواصلات، ڈیجیٹل ادائیگیوں اور دیگر مالیاتی خدمات فراہم کرنے والے ایک جامع پلیٹ فارم میں تبدیل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس فیچر کے ذریعے تخلیق کاروں کو ان کے مواد پر صارفین کی پسندیدگی کے ساتھ براہ راست مالی تعاون حاصل کرنے کا موقع مل سکتا ہے۔

 کمپنی نے ابھی تک اس سہولت کے باقاعدہ آغاز کی حتمی تاریخ اور مختلف ممالک میں اس کی دستیابی کے بارے میں تفصیلات جاری نہیں کی ہیں۔ صارفین کو یہ سہولت کب فراہم کی جائے گی اور اس کے استعمال کے لیے کن شرائط پر عمل کرنا ہوگا، اس حوالے سے مزید معلومات کا انتظار ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button