

سڈنی: (اردودنیا.اِن)آسٹریلیا کے اوپنر ڈیوڈ وارنر نے ایک بڑا بیان دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ رواں سال کے شروع میں ہندوستان کے خلاف سیریز میں کھیلنے کے لئے انجری سے واپسی میں جلدبازی کرنے شاید صحیح فیصلہ نہیں تھا۔ اس کی وجہ سے ان کی صحت یابی کا عرصہ طویل ہوگیا۔
وارنر ہندوستان کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے دوران انجری کی وجہ سے پہلے دو ٹیسٹ سے محروم رہے لیکن آخری دو ٹیسٹ سڈنی اور برسبین میں کھیلے تھے۔34 سالہ وارنر نے دو ٹیسٹ کی چار اننگز میں 5 ، 13 ، 1 اور 48 رنز بنائے اور یہ بات واضح ہے کہ یہ ان کی بہترین کارکردگی نہیں ہے۔ ہندوستان نے ٹیسٹ سیریز میں گابا میں ایک جیت کے ساتھ 2-1 کی تاریخی فتح درج کی۔
وارنر نے کہا کہ میں نے وہ ٹیسٹ میچ کھیلنے کا فیصلہ کیا ، مجھے لگا کہ مجھے وہاں رہنا چاہئے اور ساتھی کھلاڑیوں کی مدد کرنی چاہئے۔اب مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ شاید ایسا نہیں کرنا چاہئے تھا، جہاں تک چوٹ کا تعلق ہے تو اس میں تھوڑا سا نقصان ہوا ہے ،اگر میں اپنے بارے میں سوچ رہا ہوتا تو شاید میں انکار کر دیتا لیکن میں نے وہی کیا جو ٹیم کے لئے بہتر تھا اور مجھے محسوس ہوا کہ میری اننگز کا آغاز کرنا ٹیم کے لئے بہتر ہوگا۔
وارنر نے کہا کہ ان کی چوٹ بہت خراب تھی اور انہوںنے پہلے کبھی ایسا محسوس نہیں کیا تھا۔ وارنر کو اب انڈین پریمیر لیگ میں کھیلنا ہے جہاں وہ سن رائزرس حیدرآباد کا حصہ ہیں۔
آسٹریلیا کو محدود اوورز کی سیریز کے لئے ویسٹ انڈیز کا دورہ کرنا ہے لیکن ابھی تک اس کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے اور وارنر کو جولائی اگست میں انگلینڈ میں ہنڈریڈ سیریز میں بھی کھیلنا ہے۔



