
پنجی :(اردودنیا.اِن)ہندوستانی فٹ بال کلب بنگلور ایف سی نے بدھ کے روز کہا ہے کہ اس کے کھلاڑیوں اور عملے کے مابین کورونا کے 3 مثبت کیسزرپورٹ ہوئے ہیں۔بنگلورو کے ایف سی کے کھلاڑی اور عملہ 14 اپریل کو اے ایف سی کوالیفائر (ابتدائی مرحلہ دو) سے پہلے تربیت کے لئے یہاں جمع ہوئے ہیں۔5 اپریل سے شروع ہونے والے ٹیم کے تربیتی کیمپ کے دوران یہ مثبت کیسزسامنے آئے ہیں۔
اپنے ٹویٹر ہینڈل پر معلومات دیتے ہوئے کلب نے کہاکہ کورونا کے تازہ ترین ٹیسٹ میں گوا میں ٹیم کے کیمپ میں کھلاڑیوں اور عملے کے درمیان تین مثبت کیسز درج کئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بنگلور ایف سی کی ٹیم حفاظت اور صحت کو یقینی بنانے کے لئے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرتی رہے گی۔بنگلور ایف سی کی ٹیم کا مقابلہ نیپال آرمی کلب یا سری لنکا پولیس کی ٹیم سے 14 اپریل کو بمبولیم کے جی ایم سی اسٹیڈیم میں ہوگا۔
اس سے قبل بنگلور ایف سی کے کپتان اور ہندوستان کے اسٹار پلیئر سنیل چھتری کورونا مثبت پائے گئے تھے۔ تاہم وہ اس سے صحت یاب ہوچکے ہیں ۔ ٹیم گزشتہ انڈین سپر لیگ کے لیگ مرحلے میں ساتویں نمبر پر رہی۔



