
بارسلونا/یکم جولائی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) #دنیا کے مشہور فٹ بال #کھلاڑی لیونل میسی کے بارے میں بڑی خبر سامنے آئی ہے۔ ٹاپ ہسپانوی فٹ بال کلب بارسلونا 30 جون کی ڈیڈ لائن سے پہلے لیونل میسی کے ساتھ ایک نئے معاہدے پر دستخط کرنے میں ناکام رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی میسی کا بارسلونا کے ساتھ 20 سالہ پرانا رشتہ ختم ہونے کے دہانے پر پہنچ گیا ہے۔
اب میسی کسی دوسرے کلب کے ساتھ کھیلنے کے لئے آزاد ہیں۔میسی ابھی بھی بارسلونا ٹیم میں واپس آسکتے ہیں۔ لیکن آخری تاریخ سے پہلے معاہدے پر دستخط نہ کرنے کا مطلب یہ ہے کہ میسی 7504 دن بعد پہلی بار اس کلب میں پیپر کے مطابق شامل نہیں ہوں گے۔ 34 سالہ میسی نے گذشتہ سال بارسلونا کلب چھوڑنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ لیکن کلب انہیں چھوڑنا نہیں چاہتا تھا۔
اس کی وجہ سے میسی اور کلب کے تعلقات میں بھی بہت تنازعہ ہوا۔ہسپانوی اخبار مارکا کے مطابق بارسلونا کلب کے صدر جان لاپورتا نے میسی کو واپس لانے کے لئے بھرپور کوشش کی۔ تاہم کچھ معاملات ابھی بھی میسی اور کلب کے مابین حل ہونا باقی ہیں۔ میسی کے جانے سے کلب کو ایک دھچکا لگے گا، جس کو پہلے سے ہی مالی چیلنجز کا سامنا ہے۔
میسی اس وقت کوپا امریکہ میں ارجنٹینا کی قیادت کررہے ہیں اور کسی دوسرے کلب سے وابستہ نہیں ہوئے ہیں۔ میسی کے فٹ بال کیریئر میں یہ پہلا موقع ہے جب وہ کسی بھی کلب سے وابستہ نہیں ہیں۔میسی نے 13 سال کی عمر میں بارسلونا میں شمولیت اختیار کی۔ چار سال کی تربیت کے بعد میسی نے 17 سال کی عمر میں بارسلونا کی سینئر ٹیم کے لئے کھیلنا شروع کیا۔
میسی بارسلونا کے ساتھ 17 سال رہے اس دوران 35 خطاب اپنے نام کیا۔ صرف یہی نہیں بلکہ میسی نے بارسلونا کی طرف سے کھیلتے ہوئے 778 میچوں میں ریکارڈ 672 گول بھی کئے ہیں۔



