دبئی ،11؍اگست :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ہندوستان اور #انگلینڈ کے درمیان ناٹنگھم میں کھیلی جانے والی پانچ میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے #ٹیسٹ #رینکنگ جاری کردی ہے۔ تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ میں ہندوستانی ٹیم کے فاسٹ بولر جسپریت بمراہ نے زبردست چھلانگ لگائی ہے جبکہ ورات کوہلی کو ایک مقام پر نقصان ہوا ۔ روہت شرما اپنی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہے ۔ بمراہ بولرز کی رینکنگ میں دوبارہ ٹاپ 10 میں داخل ہو گئے ہیں۔
ٹیسٹ رینکنگ میں #جسپریت بمراہ لمبی چھلانگ لگاکر 19 ویں سے 9 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ بمرا اس میچ سے پہلے 683 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ 20 میں تھے لیکن اس میچ کے بعد ان کے پوائنٹس 760 ہو گئے ہیں اور وہ دوبارہ ٹاپ 10 میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی گولڈن ڈک کا شکار وراٹ کوہلی چوتھے سے پانچویں نمبر پر چلے گئے ہیں اور چوتھا نمبر انگلینڈ ٹیم کے کپتان جو روٹ نے لیا ہے جنہوں نے پہلے ٹیسٹ میں ہندوستان کے خلاف نصف سنچری اور #سنچری بنائی تھی ،جبکہ بولنگ میں جیمس اینڈرسن نے ایک مقام حاصل کیا اور سٹورٹ براڈ ایک جگہ پھسل گئے۔
اینڈرسن اس وقت 7 ویں نمبر پر ہیں جبکہ براڈ 8 ویں نمبر پر ہیں۔ آل راؤنڈر کی ٹاپ 10 کی فہرست میں صرف ایک تبدیلی آئی ہے۔ #ہندوستانی آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ تیسرے سے دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ بین #اسٹوکس دوسرے سے تیسرے نمبر پر پھسل گئے ہیں۔



