
ڈھاکہ یکم ستمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ڈھاکہ میں کھیلے جارہے پہلے ٹی 20 میں بنگلہ دیشی بالرزنے تباہی مچاتے ہوئے نیوزی لینڈ کی ٹیم کو 60 رنز پر آؤٹ کردیا۔ کیوی ٹیم کے پاس ٹی 20 انٹرنیشنلز میں یہ کم ترین اسکور ہے۔ اس سے قبل 31 مارچ 2014 کو نیوزی لینڈ نے چٹوگرام میں سری لنکا کے خلاف صرف 60 رنز بنائے تھے۔ کیوی ٹیم کے کپتان ٹام لیتھم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ لیکن ایک رن کے اسکور پر کیوی ٹیم کو پہلا دھچکا لگا۔
اس کے بعد کوئی بھی کیوی بلے باز ڈھاکہ کی پچ پر بنگلہ دیشی بولرز کا اچھا مقابلہ نہیں کرسکا جس کی وجہ سے پوری ٹیم 60 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ بنگلہ دیش کی جانب سے مستفیض الرحمن نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ثاقب الحسن نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں ، اس کے علاوہ مہدی حسن ایک اورنسیم احمداورمحمدسیف الدین 2-2 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔



