اسپورٹس

پانچویں ٹیسٹ کیلئے برطانوی کرکٹ ٹیم کا اعلان ، دو بڑی تبدیلیاں

لندن ، 7ستمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)انگلینڈ نے سیریز کے آخری ٹیسٹ کے لیے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ بھارت اور انگلینڈ کے درمیان پانچواں ٹیسٹ میچ 10 ستمبر کو مانچسٹر میں کھیلا جائے گا۔ خیال رہے کہ جوس بٹلر کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے ،جبکہ اسپنر جیک لیچ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ جب کہ سیم بلگس کو چوتھے ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں شامل کیا گیا تھا ،لیکن انہیں ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا ہے۔

واضح ہو کہ بٹلر نے چوتھا ٹیسٹ میچ نہیں کھیلاتھا، دراصل بٹلر باپ بننے والے ہیں ، اس صورتحال میں انہوں نے چوتھے ٹیسٹ سے اپنا نام واپس لے لیا تھا،البتہ نچویں ٹیسٹ کے لیے دستیاب ہوںگے۔بھارت نے چوتھے ٹیسٹ میں انگلینڈ کو 157 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کرلی ہے۔ سیریز کا آخری ٹیسٹ میچ دونوں ٹیموں کے لیے اہم ثابت ہوگا۔ انگلینڈ نے آخری ٹیسٹ کے لیے جیک لیچ کو اسپنر نامزد کیا ہے۔

ویسے مانچسٹر کی پچ تیز گیند بازوں کیلئے مدد فراہم کرتی ہے۔ اس کیفیت میں یہ قیاس کیا جا رہا ہے کہ انگلینڈ کی ٹیم مارک ووڈ کو آخری الیون میں پلیئنگ الیون میں شامل کیا جاسکتا ہے۔ مانچسٹر گراؤنڈ اینڈرسن کا ہوم گراؤنڈ ہے ، لہٰذا اینڈرسن کا جادو آخری ٹیسٹ میچ میں دیکھا جا سکتا ہے۔انگلینڈ کی 16 رکنی ٹیم اس طرح ہے :جو روٹ (کپتان) ، معین علی ، جیمز اینڈرسن ، جونی بیرسٹو ، روری برنس ، جوس بٹلر ، سیم کورین ، حسیب حمید ، ڈین لارنس ، جیک لیچ ، ڈیوڈ مالن ، کریگ اوورٹن ، اولی پوپ ، اولی رابن سن ، کرس ووکس ، مارک ووڈ۔

واضح رہے کہ بھارت اور انگلینڈ کے درمیان اولڈ ٹریفورڈمیں 9 ٹیسٹ میچ ہوئے ہیں ، جس میں بھارت نے کسی بھی ٹیسٹ میں جیت حاصل نہیں کی ہے ۔وہیںانگلینڈ کی ٹیم 4 ٹیسٹ میچ جیتنے میں کامیاب رہی ہے، اس کے علاوہ 5 ٹیسٹ میچ ڈرا ہوئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button