تہران،16فروری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ایران میں ادب کے شوقین بھی امریکی پا بندیوں کی زد میں آگئے ہیں۔ ایک نیا ناول ،اقتصادی طور پر جکڑے اس بحران سے کچھ دیر کے لیے سکون دیتا تھا جس میں ،تہران کے مبینہ جوہری پروگرام کے خلاف لگنے والی بین الاقوامی تعزیرات سے اضافہ ہو گیا ہے۔
لیکن اب کتاب کی خریداری اور مطالعے میں محو ہو جانا مشکل ہوتا جا رہا ہے،کیونکہ مالی مسائل کا شکار پبلشر کاغذ کی قیمتوں میں بے انتہا اضافے کے باعث، کتابیں چھاپنے میں دشواری محسوس کر رہے ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق ،افق پبلشنگ ہاؤس کے رضا ہاشم نجاد کا کہنا ہے کہ دوسو صفحات کا ایک ناول، جو پچھلے سال ایک ڈالر، ساٹھ سینٹ میں فروخت ہوتا تھا، آج اس کی قیمت چارڈالر دس سینٹ ہوگئی ہے۔
ایران خود کاغذ کا گودا نہیں بناتا ،اس لیے اسے برآمد پر انحصار کرنا پڑتا ہے ،اور چونکہ کاغذ پابندیوں کے دائرے میں نہیں ہے اس لیے اس کی قیمت بیرونی کرنسی میں ادا کرنی پڑتی ہے،جس کا مطلب یہ ہے کہ کتاب کی قیمت براہ راست ایران کے ریال کے اتار چڑھاؤ پر منحصر ہوتی ہے۔
اس لیے پبلشر نہ صرف یہ کہ کم کتابیں چھاپ رہے ہیں بلکہ کتابت کا سائز چھوٹا کرکے ،صفحات کو بھی کم کرتے جا رہے ہیں۔ لوگوں کے مطالعے کے انداز اور کتابوں کے استعمال میں کمی کے باعث ، یوں تو دنیا بھر میں پبلشرز کو مشکلات کا سامنا ہے لیکن ایران کی دشواریاں اضافی نوعیت کی ہیں۔
امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سن 2018میں امریکہ کو یک طرفہ طور پر اس تاریخ ساز معاہدے سے علیحدہ کر لیا تھا ،جو ایران کے ساتھ اس کے جوہری پروگرام کو روکنے کے لیے طے کیا گیا تھا، جبکہ ایران ہمیشہ اس مقصد سے انکار کرتا ہے۔واشنگٹن نے اس کے بعد سے ایران پر سخت پابندیاں نافذ کر دی تھیں۔
ایک پبلشر (Houpa publishing House)، امرائی کا کہنا ہے کہ سن 2018 میں امریکی تعزیرات کے دوبارہ لگتے ہی ،کاغذ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔ایران کے ساتھ معاہدے کی بحالی کے مذاکرات طویل عرصے سے جاری ہیں ،لیکن جب تک ایک بین الاقوامی معاہدہ طے نہیں پا جاتا ، پابندیوں کے اثرات بد سے بد تر ہوتے جارہے ہیں۔
بچوں کی کتابیں چھاپنے والے ادارے، ہوپا کے مالک، حسین متولی کا کہنا ہے کہ ملکی کرنسی کی گراوٹ،کاغذ کی عالمی قیمتوں میں اضافہ ،جو ڈالر میں ادا کرنا پڑتا ہے،ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں اضافہ ، جو غیر ملکی کرنسی میں دینا ہوتا ہے ،ان سب نے کتابوں کی چھپائی کو مشکلات میں ڈال دیا ہے،کیونکہ ایران میں کتابوں کی قیمتیں مقرر ہیں ،منافع ، کاغذ کی قیمتوں کے ساتھ اوپر نیچے ہوتا رہتا ہے۔



