دبئی ، 21جولائی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)رواں ہفتے شائع ہونے والی عالمی انڈیکس میں دنیا کے مختلف ملکوں کے پاسپورٹس کی بین الاقوامی سفر میں اہمیت اور اس کی طاقت کے بارے میں بتایا گیا ہے۔ اس فہرست میں بیان کردہ بعض پاسپورٹ طاقت ور اور بعض کمزور قرار دیے گئے ہیں۔ پاکستانی سفری دستاویز بین الاقوامی سفر کے لیے دنیا کا چوتھا کمزور ترین پاسپورٹ قرار دیا گیا ہے۔دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس پر ایشیائی ممالک کا تسلط برقرار ہے اور کئی عرب ممالک کے پاسپورٹ بھی اس میں شامل ہیں۔جاپان، سنگاپور اور جنوبی کوریا نے طاقتور ترین پاسپورٹوں کی درجہ بندی میں برتری حاصل کی ہے۔
یہ ممالک کووِڈ 19 وائرس کے حوالے سے محفوظ قرار دیے گئے ہیں۔ اس سے پہلے کی وبائی درجہ بندی کو تبدیل کر دیا گیا جس پر یورپی ممالک کا غلبہ تھا۔ہینلی اینڈ پارٹنرز امیگریشن کنسلٹنسی کے تازہ ترین انڈیکس کے مطابق جاپانی پاسپورٹ دنیا بھر کے 193 ممالک تک ویزہ فری رسائی فراہم کرتا ہے، جو اپنے ایشیائی ہم منصبوں سنگاپور اور جنوبی کوریا سے آگے ہے۔روسی پاسپورٹ 50 ویں نمبر پر ہے جو 119 ممالک تک آسان رسائی فراہم کرتا ہے۔ چین 80 ممالک تک رسائی کے لحاظ سے 69 ویں نمبر پر ہے، جب کہ افغان پاسپورٹ آخری نمبر پر ہے کیونکہ اس کے پاسپورٹ پر صرف 27 ممالک میں بغیر ویزا کے سفر کیا جا سکتا ہے۔
عرب دنیا میں، متحدہ عرب امارات کا پاسپورٹ پہلے نمبر پر ہے، لیکن یہ عالمی سطح پر 15 ویں نمبر پر ہے جس میں 176 ممالک میں بغیر ویزے کے داخلے کے امکانات ہیں۔ قطری پاسپورٹ عرب دنیا میں دوسرے اور عالمی سطح پر 57 ویں نمبر پر ہے، کیونکہ اسے رکھنے والا 99 ممالک میں بغیر ویزا کے داخل ہو سکتا ہے۔جبکہ کویت عالمی سطح پر دو پوزیشن پیچھے ہے۔بحرین، عمان اور سعودی عرب بالترتیب چوتھے، پانچویں اور چھٹے نمبر پر ہیں، جہاں سعودیوں کے لیے پیشگی ویزا کے بغیر 81 سے زائد ممالک میں داخلہ ممکن ہے۔
انڈیکس میں دیگر عرب ممالک میں تونس، مراکش، موریطانیہ، الجزائر، مصر، اردن، جبوتی، لبنان، سوڈان، لیبیا، فلسطین، صومالیہ، یمن، شام اور آخر میں عراق، 29 ممالک میں داخل ہونے کے امکانات کے ساتھ، بغیر ویزا کے، اور دنیا کے آخری درجے پر ہے۔انڈیکس کے مطابق حال ہی میں 2017 تک ایشیائی ممالک بمشکل دنیا کے 10 سب سے زیادہ قبول شدہ پاسپورٹوں میں شامل تھے، لیکن رفتہ رفتہ یورپی تسلط میں نرمی آئی اور جرمنی اب جنوبی کوریا کے پیچھے ہے۔ تازہ ترین درجہ بندی کے مطابق برطانیہ 187 ممالک تک رسائی کے لحاظ سے چھٹے نمبر پر ہے ،جبکہ امریکہ 186 کے اسکور کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے۔انڈیکس جو 17 سال کا ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔
دولت مند افراد اور حکومتوں کو دنیا بھر میں شہریت کی قدر کا اندازہ لگانے میں مدد کرتا ہے جو پاسپورٹ کی بنیاد پر سب سے زیادہ ویزا فری یا ویزا آن ارائیول رسائی فراہم کرتے ہیں۔ تاہم عالمی سفر کے ساتھ ابھی تک کوویڈ کی پابندیوں سے مکمل طور پر آزاد ہونا بھی انڈیکس شرائط میں شامل ہے۔،عالمی انڈیکس رپورٹ میں بین الاقوامی سفر کی بنیاد پر سفری دستاویزات کی درجہ بندی کی جاتی ہے۔’ہینلی پاسپورٹ انڈیکس‘ کے تحت دنیا بھر میں 227 سفری مقامات تک 199 پاسپورٹس کی ویزے کے بغیر رسائی کے حوالے سے درجہ بندی کی جاتی ہے۔ عالمی انڈیکس کو انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آئی اے ٹی اے) کے ڈیٹا تک خصوصی رسائی حاصل ہے۔ یہ تنظیم دنیا کی سب سے وسیع اور درست سفری معلومات رکھتی ہے۔



