صحت اور سائنس کی دنیا

آپ کا جاننا ضروری,بنیادی فرسٹ ایڈ دینے کے اہم طریقے

ہر آدمی کے لئے بنیادی فرسٹ ایڈ دینے کے طریقوں کا جاننا بہت ضروری ہے کیونکہ زندگی میں کسی بھی وقت ہمیں ان کی ضرورت پڑ سکتی ہے اور ایسے موقع پر یہ معلومات زندگی بچانے کے کام آسکتی ہیں، اس مضمون میں بلیڈنگ یعنی خون نکلنے کی صورت میں ہنگامی اقدامات کیا ہونے چاہیے ذکر کئے جائیں گے تاکہ ہم سب انہیں اچھی طرح ذہن نشین کر لیں۔

بنیادی اصول

زخم والی سائیڈ کا رخ ہمیشہ اوپر آسمان کی طرف رکھیں تاکہ کشش ثقل سے خون روکنے میں مدد ملے اور زخم پر ہاتھ یا کپڑے سے دباؤ ڈال دیں تاکہ خون رکنا کم ہوجائے اور اگر بلیڈینگ زیادہ ہو رہی ہے تو فوری ایمبولینس کو کال کریں اور جب تک مدد پہنچ نہیں جاتی زخم پر دباؤ ڈال کر رکھیں۔

چھوٹا زخم

زخم اگر چھوٹا ہو اور اس میں سے زیادہ بلیڈنگ نہ ہو رہی ہو جیسے چھوٹا کٹ یا سکریچ وغیرہ لگ جانے کی صورت میں زخم کو پانی سے دھولیں اور بہتر ہوگا اسے ہائیڈروجن پر آکسائیڈ کے ساتھ دھو کر اس پر پٹی باندھ دیں اور کھلے زخم پر پائیوڈین وغیرہ مت لگائیں۔

گہرا زخم

اگر گھاؤ گہرا ہے تو زخم پر پٹی وغیرہ اور اگر پٹی موجود نہیں تو تولیہ، ٹی شرٹ یا کوئی اور کپڑا رکھ کر اس پر دباؤ ڈال کر رکھیں اور اگر خون پٹی وغیرہ پر ظاہر ہو جائے تو زخم پر مزید پٹی رکھ کر دباؤ ڈالیں اور ایمبولینس کو کال کریں۔

ہمارے ہاں روڈ ایکسڈینٹ میں گرے ہوئے زخمی کو فرسٹ ایڈ دینے کے لئے بازو سے پکڑ کو فوری طور پر کھڑا کرنے کی کوشش کی جاتی ہے یہ ایک انتہائی غلط طریقہ کار ہے اور سر پر چوٹ یا ہڈی ٹوٹے ہونے کی صورت میں یہ حرکت زیادہ خطرناک ہو سکتی ہے۔

نبض یا رگ وغیرہ کٹنے کی صورت میں

ایسی صورت میں زخم کو دباؤ سے پکڑیں اور اس پر مضبوطی سے پٹی وغیرہ باندھ دیں اور زخمی حصے کو قریبی جوڑ کیساتھ اچھی طرح فولڈ کر دیں اور رگ کو انگلی کیساتھ دبا کر رکھیں اور اگر اس طریقہ کار سے خون نہیں رک رہا تو زخمی والی جگہ سے اوپر کوئی کپڑا اور بہتر ہوگا کہ tourniquet سے ایسے باندھیں کے وہاں سے خون کا بہاؤ سست ہوجائے اور اتنا مضبوط نہ ہو کہ خون کے بہاؤ کو بند کر دے۔

ناک سے خون بہنے کی صورت میں

ناک کے ونگز کو پکڑ کر دبا دیں اور زخمی سے کہیں کہ وہ منہ سے سانس لے، زخمی کو پیچھے کی طرف لیٹنے مت دیں اس سے خون اس کے معدے میں جا سکتا ہے اور الٹی وغیرہ شروع ہوسکتی ہے، خون اگر 15 منٹ تک خود بخود نہیں رکا تو ایمبولینس کال کریں۔

ضروری ہدایات

اگر زخمی کا رنگ پیلا پڑ رہا ہے یا اسے چکر آرہے ہیں اور اس کا جسم ٹھنڈا ہو رہا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ وہ شاک میں جانے والا ہے لہٰذا ایسی صورت میں فوری طور پر ایمبولینس کو کال کریں۔آپ کے لئے بہتر ہوگا کے زخمی کے زخم کو اپنے ہاتھ وغیرہ سے مت چھوئیں اور اس مقصد کے لئے میڈیکل گلوز یا کوئی اور کپڑا وغیرہ استعمال کریں اور اگر زخمی اس قابل ہو تو اسے کہیں کے وہ اپنے زخم کو دباکر پکڑے۔

چھوٹے زخم کٹ اور سکریچ وغیرہ کو پانی سے دھویا جاسکتا ہے لیکن اگر زخم گہرا ہے تو اسے خود ہرگز مت دھوئیں کیونکہ ایسی صورت میں اس پر جما خون دھل جائے گا اور بلیڈنگ دوبارہ شروع ہوجائے گی۔زخم میں اگر کوئی چیز لگی ہے تو اسے مت نکالیں ایسا کرنے کی صورت میں بلیڈنگ تیز ہوسکتی ہے اور ایسی صورت میں پٹی کو اس چیز کے آس پاس مضبوطی سے دباکر رکھیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button