نئی دہلی ، 23ستمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) پیسے کی ریل پیل اور چکاچوند کے لیے مشہوراور بدنام بھی، انڈین پریمیئر لیگ کے 16ویں سیزن کے حوالے سے ایک بڑا اپ ڈیٹ سامنے آیا ہے۔بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا دسمبر کے تیسرے ہفتے میں آئی پی ایل کے 16ویں سیزن کے لیے نیلامی منعقد کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔کرک بز کے ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ آئی پی ایل کے اگلے سیزن کے لیے نیلامی 16 دسمبر کو منعقد کی جا سکتی ہے۔ تاہم بی سی سی آئی نے ابھی تک اس بارے میں کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا ہے۔
بی سی سی آئی نے آئی پی ایل کے 16ویں سیزن کے لیے نیلامی کے عمل کے حوالے سے فرنچائزز سے بات کی ہے۔ کرک بز کی رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی نے نیلامی کے حوالے سے شیڈول کو تقریباً حتمی شکل دے دی ہے۔ تاہم اس بار نیلامی کا عمل مختصر ہوگا۔ نیلامی کہاں ہوگی، اس کا ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔آئی پی ایل کے 16ویں سیزن کے آغاز کے بارے میں صورتحال ابھی پوری طرح واضح نہیںہوسکی ہے۔ لیکن زیادہ امکان ہے کہ آئی پی ایل کا 16 واں سیزن مارچ کے آخری ہفتے میں منعقد کیا جائے گا۔
بی سی سی آئی کے صدر سورو گنگولی پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ اس بار آئی پی ایل کا انعقاد پرانے فارمیٹ کے تحت کیا جائے گا۔ اس کا مطلب ہے کہ ٹیموں کو آدھے میچ اپنے ہوم گراؤنڈ پر اور آدھے میچ باہر کھیلنے ہوں گے ۔نیلامی کے عمل کی بات کریں تو اس بار کچھ اور تبدیلیاں بھی دیکھی جا سکتی ہیں۔کھلاڑیوں کی خریداری کے لیے ٹیموں کا کل بجٹ 95 کروڑ روپے ہوگا۔ یہ پچھلے سال کے مقابلے 5 کروڑ روپے زیادہ ہے۔



